بے روزگاری ٹیکسیاں دینے سے نہیں زراعت، صنعت کا پہیہ چلانے سے ختم ہو گی: ڈاکٹر رحیق عباسی

پنجاب حکومت 31 ارب بجلی، گیس کے بحران کو کم کرنے کیلئے استعمال کرے، مرکزی صدر عوامی تحریک
ڈیڑھ سال میں 10 لاکھ مزدور بیروزگار ہو چکے، وزیراعلیٰ ہزاروں خالی اسامیاں پر کریں

لاہور (9 جنوری 2015) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ بے روزگاری ٹیکسیاں دینے سے نہیں زراعت اور صنعت کا پہیہ چلانے سے ختم ہو گی، وزیراعلیٰ بیروزگاری کم کرنے میں سنجیدہ ہیں تو سرکاری محکموں کی خالی ہزاروں اسامیوں پر بھرتی کریں، صرف ایک محکمہ تعلیم میں اساتذہ اور سکیورٹی گارڈز کی 50 ہزار اسامیاں عرصہ دراز سے خالی پڑی ہیں، انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے ’’اپنا روزگار ‘‘ سکیم کے اجراء پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت 31 ارب بجلی بحران کے خاتمہ کیلئے استعمال کرے، بجلی گیس کے بحران کے باعث ڈیڑھ سال میں صرف پنجاب میں 10 لاکھ مزدور بیروزگار ہو چکے ہیں، وزیراعلیٰ 50 ہزار کی بجائے 10 لاکھ خاندانوں کیلئے زیادہ فکر مندی کا اظہار کریں۔ پنجاب کی آدھی آبادی آج بھی 2وقت کا کھانا پیٹ بھر کر نہیں کھا سکتی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کے جتنے نعرے لگائے فی الحال اس کا رزلٹ لوڈشیڈنگ اور بیروزگاری میں اضافہ کی صورت میں سامنے آیا ہے، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے دور اقتدار میں یپلو کیب، سستی روٹی سے لیکر گرین ٹریکٹر سکیم، مکینیکل تنوروں، پیلی ٹیکسیوں تک غربت اور بیروزگاری کو کم کرنے کیلئے جتنے بھی منصوبے دئیے اس سے خزانہ برباد اور بینک دیوالیہ ہوئے، انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کے پاس وسائل ہیں تو انہیں توانائی کے بحران کو کم کرنے کیلئے استعمال کرے۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ پنجاب حکومت نے رواں مالی سال کا بجٹ پیش کرتے وقت 31ارب روپے کی کسی سکیم کو ایوان کے سامنے پیش کر کے اس کی منظوری حاصل نہیں کی تھی اب یہ رقم کہاں سے آئی اور کس کی اجازت سے؟ غالب امکان یہی ہے کہ تعلیم اور صحت کا پیسہ اب اس اپنا روزگار سیاسی سکیم کی بھینٹ چڑھے گا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top