نااہل اور کرپٹ حکمران دہشت گردی جیسی آفت ہیں: ڈاکٹر طاہرالقادری

موجودہ حکمران سابق حکمرانوں کا تسلسل ہیں، ڈیڑھ ماہ میں تیسری بار بجلی کا بریک ڈاؤن نااہلی ہے
نااہلی پر معافیاں مانگنے والے کس جمہوری اخلاقیات کے تحت وزارتوں سے چمٹے ہوئے ہیں؟ ٹیلی فونک گفتگو

لاہور (25 جنوری 2015) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ بجلی، گیس، پٹرول کے بحرانوں کے تحفے دینے والے نااہل اور کرپٹ حکمران دہشت گردی جیسی آفت ہیں، جب تک ان سے نجات حاصل نہ کی گئی یہ قوم کی بوٹیاں نوچتے رہیں گے، بدانتظامی اور نااہلی پر معافیاں مانگنے والے کس منہ اور کس جمہوری اخلاقیات کے تحت اپنے عہدوں سے چمٹے ہوئے ہیں، ملک میں حقیقی جمہوریت ہوتی، عوام کے مفاد کو تحفظ دینے والا کوئی قانون یا ادارہ ہوتا تو یہ حکمران ایوانوں کی بجائے جیلوں میں ہوتے۔ تیسری بار بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا مگر کوئی ادارہ یا قانون ایسا نہیں جو عوام کی تکلیف پر حکمرانوں سے باز پرس کر سکے۔ دسمبر جنوری میں 7 ہزار میگاواٹ کا شارٹ فال اور فرنس آئل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود بجلی کے فی یونٹ قیمت میں اضافہ عوام دشمنی اور نااہلی ہے۔

گذشتہ روز مدینہ المنورہ سے مرکزی میڈیا سیل کے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ عوامی تحریک نے کہا کہ موجود ہ حکمران سابق حکمرانوں کا تسلسل ہیں۔ قوم اس خوش فہمی سے باہر نکل آئے کہ بحرانوں کو پیدا کرنے والے مسائل حل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جس مرحلہ پر قوم کو دہشت گردی کے خلاف ملکر کام کرنے کی ضرورت تھی عین اس نازک مرحلہ پر قوم کو بجلی، گیس، پٹرول کے بحرانوں کے سپرد کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی بیڈ گورننس ملکی ترقی کا پہیہ روکنے کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کی کامیابی کا راستہ بھی روک رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر مہینے ایک نیا بحران پیدا کیاجاتا ہے جس میں حکمران اور ان کے حاشیہ برداروں کی دولت میں اضافہ اور غریب آدمی فاقوں کی دہلیز پر کھڑا ہوجاتا ہے۔ دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کی طرح سعودی عرب میں مقیم پاکستانی بھی اپنے ملک کے دن بدن خراب ہوتے ہوئے حالات پر غمگین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو حکمران مسائل اور بحرانوں کو پیدا کرنے کے ذمہ دار ہیں قوم ان سے ہر گز یہ توقع نہ رکھے کہ وہ ان مسائل کو حل کریں گے۔‎

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top