پٹرول کی قیمتوں میں کمی اور سیلز ٹیکس میں ایک ساتھ اضافہ منافقت ہے: پاکستان عوامی تحریک

پٹرولیم مصنوعات پر غیر قانونی سیلز ٹیکس میں اضافہ واپس لیا جائے: خرم نواز گنڈاپور
عوام کشمکش میں ہیں کہ وزیر اعظم کو پٹرول کی قیمتیں کم کرنے پر مبارکباد دیں یا جی ایس ٹی میں اضافہ پر انکی مذمت کریں؟

لاہور (31 جنوری 2015) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ عوام کشمکش میں ہیں کہ وزیراعظم کو پٹرول کی قیمتیں کم کرنے پر مبارکباد دیں یا جی ایس ٹی میں اضافہ پر انکی مذمت کریں؟ وزیراعظم کی طرف سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کی بازگشت بھی نہیں تھمی تھی کہ ایف بی آر نے سیلز ٹیکس میں دوسری بار اضافہ کر دیا۔ وزیر اعظم اور ایف بی آر کی شعبدہ بازی قابل مذمت ہے۔ پٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں کمی اور سیلز ٹیکس میں ایک ساتھ اضافہ منافقت اور عوام سے مذاق ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ایک ماہ میں دوسری بار سیلز ٹیکس میں اضافہ کیا گیا۔ پہلے مرحلہ میں 17 سے 22 فیصد اب دوسری بار 22 سے بڑھا کر 27 فیصد کر دیا گیا اور یہ عوام سے ریلیف چھیننے کی اوچھی حرکت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کی حکومتیں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں کم ہونے کا فائدہ اپنے عوام کو پہنچا رہی ہیں مگر پاکستان کے حکمران عوام سے ریلیف چھیننے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک مطالبہ کرتی ہے کہ کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر اضافہ شدہ سیلز ٹیکس فی الفور واپس لیا جائے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عالمی مارکیٹ کی شرح کے مطابق کمی کی جائے جو 20 روپے لیٹر بنتی ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top