ڈاکٹر علی اکبر قادری الازہری کو مبارک باد

علمی و اَدبی حلقوں میں محترم علی اکبر قادری الازہری کا نام کسی تعارُف کا محتاج نہیں۔ اِن کا شمار تحریکِ منہاجُ القرآن کے اَربابِ فکر و دانش اور صاحبانِ فکر و نظر میں ہوتا ہے کہ جن پر بجا طور فخر کیا جاسکتا ہے۔ تحریک کے ساتھ رُبع صدی پر محیط اِن کی وابستگی اِن کے خلوص، خود سپردگی اور غیر مشروط تعلق کی غماز ہے۔ آپ نے اپنی تشنگی بجھانے کے لیے جامعہ اِسلامیہ منہاج القرآن، پنجاب یونیورسٹی اور جامعہ اَزہر جیسی عظیم درس گاہوں سے تحصیلِ علم کیا۔

الحمد للہ! آپ کی اَن تھک جد و جہد کے نتیجہ میں پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ عربی کی طرف سے آپ کو ڈاکٹریٹ کی ڈگری تفویض کر دی گئی ہے۔ اِس طرح قائدِ تحریک شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے قابلِ فخر فرزند نے جامعہ اِسلامیہ منہاج القرآن سے فارغ التحصیل ہونے والے طالب علموں میں سے پہلا ڈاکٹر ہونے کا اِعزاز بھی حاصل کرلیا۔ قبل ازیں جامعہ اِسلامیہ منہاج القرآن میں داخل ہونے والے پہلے طالب علم، پہلے منہاجین ماسٹر ڈگری ہولڈر، پہلے منہاجین رِیسرچ اسکالر، قومی اَخبارات میں لکھنے والے پہلے منہاجین کالم نویس کا اِعزاز بھی آپ ہی کے پاس ہے۔ آپ جامعہ اِسلامیہ منہاج القرآن کی طرف سے جامعہ اَزہر میں تعلیم پانے والے طلباء کے پہلے بیچ میں بھی شامل تھے اور وہاں آپ نے چار سال تعلیم حاصل کی۔ ماہنامہ منہاجُ القرآن کی طویل ترین اِدارت کا شرف بھی آپ کو حاصل ہے۔ آپ درجن کے لگ بھگ کتب کے مصنف ہیں، اور فریدِ ملّت رِیسرچ اِنسٹی ٹیوٹ کے زیر اِہتمام شائع ہونے والی متعدد کتب کی ترتیب و تدوین بھی کر چکے ہیں۔

ڈاکٹر علی اکبر قادری الازہری نے ڈاکٹر ظہور اَحمد اَظہر کی زیر نگرانی برصغیر کے نام وَر دینی اسکالر "مخدوم محمد ہاشم ٹھٹھوی سندھی" کے مخطوطہ "جنۃ النعیم فی فضائل القرآن الکریم" پر شاندار تحقیق کی۔ آپ نے اِس مخطوطہ کی علمی و فنی اَہمیت اُجاگر کرتے ہوئے اِس کی ایک ہزار اَحادیث کی تحقیق و تخریج اور تصحیح کی۔

فریدِ ملّت رِیسرچ اِنسٹی ٹیوٹ اِس عظیم کامیابی پر اُنہیں مبارک باد پیش کرتا ہے، اور دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ اُن کے علم و عمل میں برکت عطا فرمائے اور وہ اِسی طرح علم و حکمت کے آسماں پر درخشندہ ستارہ کی مانند چمکتے ہوئے دین اور مشن کی خدمت میں اپنی صلاحیتیں بروئے کار لاتے رہیں۔ (آمین بجاہ سید المرسلین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم)

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top