بچوں کیلئے نئے کپڑے خریدنے کی سکت سے محروم والدین خودکشیاں کررہے ہیں: فرح ناز

خوشحالی اور کارکردگی کے جعلی اشتہار دینے والے غریب عوام کی مالی مشکلات سے واقف نہیں
ریاستی ادارے مہنگائی مافیا سے ملکر غریب عوام کو لوٹ رہے ہیں، ناظمہ ویمن لیگ

لاہور (14 جولائی 2015) منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی ناظمہ فرح ناز نے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری ایسا منصفانہ اور انسان دوست جمہوری نظام چاہتے ہیں جس میں بچوں کیلئے نئے کپڑے خریدنے کی استطاعت سے محروم غریب والدین خودکشیوں پر مجبور نہ ہوں اور رمضان المبارک یا عید کا چاند نظر آنے پر حکومتی ادارے مہنگائی مافیا سے ملکر عوام کی کھال نہ اتاریں۔ فرح ناز نے کہا کہ آئے روز خبریں شائع ہورہی ہیں کہ بچوں کو نئے کپڑے خرید کر نہ دے سکنے والے غریب والدین خودکشیاں کررہے ہیں۔ خوشحالی اور کارکردگی کے جعلی اشتہار دینے والے اور عوام کی مالی مشکلات سے ناواقف حکمرانوں میں شرم ہے تو ڈوب مریں۔ غربت ختم کرنے کے منصوبوں پر قومی دولت خرچ کرنے کی بجائے میٹرو بسوں کے فینسی منصوبوں پر قومی دولت برباد کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے زیر سایہ پولیس اور ریاستی ادارے عوام کو لوٹ رہے ہیں۔ پولیس کے عیدی ناکے حکمرانوں کی گورننس کے منہ پر طمانچہ ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک اقتدار میں آ کر راشی پولیس افسران اور بھکاری اہلکاروں سے محکمہ پولیس کو پاک کر دے گی اور عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یکم رمضان المبارک سے لیکر آج تک روزانہ کی بنیاد پر اشیائے خورونوش اور پھلوں، سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جو حکومت کی ناکامی اور کھوکھلے نعروں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کنٹرول کرنے کے دعوؤں کے برعکس رمضان المبارک میں مہنگائی 30فیصد بڑھی جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top