جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ سے جمہوریت کمزور، دھاندلی کے منصوبہ ساز مضبوط ہوئے:ڈاکٹر طاہرالقادری

سانحہ ماڈل ٹاؤن کی رپورٹ شائع کرنے کے سوال پر حکمرانوں کی زبانیں گنگ ہو جاتی ہیں؟
جنرل پاشا کو ملا نہ کبھی بات ہوئی، انقلاب مارچ 20 کروڑ عوام کیلئے تھا
وزیراعظم ہاؤس میں صرف سیاسی مخالفین کو زچ کرنے کے منصوبے بنتے ہیں
امن نصاب تیار کرنے کے بعد ملک بھر کے علماء کی ورکشاپس شروع کر دیں، پریس کانفرنس سے خطاب
سول حکومت فیل ہو جائے تو آپریشن ہوتے ہیں، حکمران سمجھتے ہیں دہشتگردی فوج کا مسئلہ ہے

لاہور (30 جولائی 2015) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے مرکزی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سول حکومت فیل ہو جائے تو پھر آپریشن ہوتے ہیں۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر بننے والے جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ شائع کرنے کے سوال پر حکمرانوں کی زبانیں گنگ ہو جاتی ہیں۔ ماڈل ٹاؤن میں ماروائے عدالت شہید کر دئیے جانے والے 14افراد کے انصاف کیلئے لڑرہے ہیں۔ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ سے جمہوریت کمزور اور دھاندلی کے منصوبہ ساز مضبوط ہوئے۔ جنرل پاشا سے کبھی ملا نہ فون پر بات ہوئی۔ انقلاب مارچ 20 کروڑ عوام کیلئے تھا۔ امن کے فروغ اور انسداد دہشتگردی کا نصاب قوم کے سامنے پیش کرنے کے بعد علمائے کرام کی ملک گیر ورکشاپس کا آغاز کر دیا۔ دہشتگردی کے خاتمہ میں علماء کا اہم کردار ہے۔ پریس کانفرنس کے موقع پر مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل عامر فرید کوریجہ اور سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی بھی موجودتھے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے حقوق کی بازیابی کیلئے جدوجہد جاری ہے اور آج بھی کفن پوش ہوں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہمیں پتہ تھا حکمران ہمیں انصاف نہیں ملنے دینگے اس لیے کسی کمیشن اور جے آئی ٹی میں پیش نہیں ہوئے یہی مشورہ عمران خان کو دیا تھا۔ دہشتگردی کے اہم واقعات کے موقع پر وزیر اعظم ہاؤس میں ’’قومی لیڈرشپ‘‘ سیاسی مخالفین کو سبق سکھانے کیلئے سر جوڑ کر بیٹھی تھی، یہ سمجھتے ہیں ملک اور عوام کو درپیش مسائل اور دہشتگردی ان کا مسئلہ نہیں ہے یہ فوج کا مسئلہ ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ حکمرانوں کو ملک و قوم کو درپیش مسائل کا ادراک ہی نہیں۔ یہ لوٹ مار کیلئے ایوانوں میں جمع ہوتے ہیں۔ کوئی دہشتگردی، کرپشن، دھاندلی کی بات کرے تو اقتدار کلب کے یہ سارے کھلاڑی ایک ہو جاتے ہیں۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے سیلاب آتے ہیں اور پھر یہ نااہل حکمران ہر سال جھوٹے وعدوں اور جھوٹی تسلیاں دینے متاثرہ اضلاع میں پہنچ جاتے ہیں اور متاثرین کو جعلی چیک دیتے ہیں۔ جنوبی پنجاب کے عوام کے ساتھ ن لیگ 30سال سے ظلم کررہی ہے۔ ہر سال جنوبی پنجاب کے کاشتکار ہی سیلاب میں کیوں ڈوبتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ ان کے ہوتے ہوئے نہ کرپشن رکے گی نہ سیلاب۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں امدادی اشیاء کے ٹرک بھجوارہے ہیں۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مجھے یا میری تحریک کو خریدنا دور کی بات حکمرانوں کو چیلنج ہے وہ معمولی تنخواہ لینے والے میرے کسی گارڈ کو ہی خرید کر دکھا دیں۔ انہوں نے کہا کہ قارون کا خزانہ رکھنے والے حکمران ایک سال میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے کسی شہید کے غریب لواحقین کو بھی نہ خرید سکے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ ہماری تحریک جاری ہے۔ دھرنے یا انقلاب کا فیصلہ اپنی حکمت عملی کے مطابق کرینگے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top