حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ذی الحج کو حرمت والا مہینہ قرار دیا ہے: فیض الرحمن درانی

10 ذی الحج کو حضرت ابراہیم علیہ السلام نے جو قربانی پیش کی تاریخ عالم میں اسکی کوئی مثال نہیں
ذی الحج کی 8 ویں تاریخ کو یوم ترویہ اور 10 ویں تاریخ کو یوم نحر کہتے ہیں، جمعتہ المبارک کے اجتماع سے خطاب
قربانی کے جانور کے خون کا پہلا قطرہ بندے کے ہر گناہ کا کفارہ ہو جاتا ہے
سانحہ پشاور میں شہید ہونے والے فوجی جوانوں کی مغفرت اور بلندی درجات کیلئے خصوصی دعا

لاہور (18 ستمبر 2015) تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کہا ہے کہ اسلامی سال کا بارہواں اور آخری مہینہ ذی الحجہ شروع ہو چکا ہے۔ اس عظیم مہینے میں لوگ حج کی سعادت حاصل کرتے ہیں۔ قرآن حکیم نے چارمہینوں کو حرمت والا قرار دیا ہے۔ ان چار مہینوں میں سے سب سے آخری مہینہ ذی الحجہ کا ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا ہے کہ ذی الحجہ حرمت والا مہینہ ہے۔ ذی الحجہ کے پہلے عشرے کی بڑی فضیلت ہے۔ ا س مقدس ماہ کی 10 ویں تاریخ کو حضرت ابراہیم علیہ السلام نے جو قربانی اللہ کی بارگاہ میں پیش کی تاریخ عالم اسکی مثال پیش کرنے سے قاصر ہے۔ اس مہینے کی 8 ویں تاریخ کو یوم ترویہ اور 10 ویں تاریخ کو یوم نحر کہتے ہیں۔ 8 ذی الحجہ کو یوم ترویہ اس لیے کہتے ہیں کہ اس دن حجاج کرام اپنے اونٹوں کو پانی سے سیراب کرتے ہیں تاکہ عرفہ کے روز انکو پیاس نہ لگے اور 10 تاریخ کو مسلمان سنت ابراہیمی کو زندہ کرنے کیلئے قربانیاں کرتے ہیں۔ وہ جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعتہ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔

فیض الرحمن درانی نے کہا کہ حج کا رکن اعظم یوم عرفہ بھی انہی ایام میں ہے۔ یہ دن بڑے شرف اور فضیلت کا حامل ہے کیونکہ یہ گناہوں سے بخشش کا دن ہے۔ ذی الحجہ عرفہ دن اللہ تعالیٰ فرشتوں کا حکم دیتاہے کہ جاؤ دیکھو میرے بندے بکھرے بال، غبار آلود چہرے، مال خرچ کر کے مشقت برداشت کر کے حاضر ہوئے ہیں، تم گواہ رہو میں نے ان کو بخش دیا۔ انہوں نے کہا کہ قربانی سے بندہ قرب الٰہی حاصل کرتا ہے۔ جونہی قربانی کے جانور کا پہلا قطرہ زمین پر گرتا ہے وہ بندے کے ہر گناہ کا کفارہ ہو جاتا ہے۔ نماز جمعہ کیاختتام پر فیض الرحمن درانی نے رقت آمیز دعا کروائی۔ سانحہ پشاور میں فوجی جوانوں کی شہادت اور مکہ پاک میں شہید ہو جانے والے حجاج کرام کی مغفرت اور بلندی درجات کیلئے خصوصی دعا کی۔ فیض الرحمن درانی نے کہا کہ مادر وطن پر قربان ہونے والے فوجی جوان ساری قوم کا فخر ہیں۔ انہوں نے ملک میں امن اور سلامتی کی دعا کی اور کہا کہ اللہ تعالیٰ اس مقدس عشرے کے صدقے ہمارے گناہ معاف فرما دے اور ملک پاکستان کو سلامت رکھے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top