عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا، جواد حامد

سکیورٹی کیلئے منہاج القرآن یوتھ لیگ اور ایم ایس ایم کے 3 ہزار نوجوان موجود ہوں گے
مینار پاکستان کے پنڈال کو سجانے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے گی، انتظامی کمیٹیوں سے گفتگو

لاہور (یکم دسمبر 2015) تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام ہونے والی میلاد کانفرنس کے سیکرٹری جواد حامد نے کہا ہے کہ مینار پاکستان کے سبزہ زار پر ہونے والی عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ 60 سے زائد انتظامی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ میلاد کانفرنس میں شریک افراد کیلئے شام 7 بجے سے رات 9 بجے تک مینار پاکستان کے گراؤنڈ میں ضیافت میلاد کا اہتمام کیا جائے گا۔ میلاد کانفرنس کی سیکیورٹی کیلئے منہاج القرآن یوتھ لیگ اور ایم ایس ایم کے 3ہزار نوجوان پنڈال میں مختلف مقامات پر موجود ہوں گے۔ منہاج ٹی وی اور بذریعہ انٹرنیٹ عالمی میلاد کانفرنس کی پوری کارروائی امریکہ، جرمنی، برطانیہ، یونان، ہالینڈ، ناروے، فرانس، ہانگ کانگ اور مشروق وسطیٰ سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں براہ راست دیکھی جائے گی جبکہ پاکستان میں 300 مقامات پر ہونے والے اجتماعات میں عالمی میلاد کانفرنس دکھانے کا انتظام کیا جائے گا، وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں تشکیل دی گئی انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان سے گفتگو کر رہے تھے، اس موقع پر شہزاد رسول، محمد سعید اختر، ذیشان بیگ، میاں زاہد جاوید، ثناء اللہ خان، رفیق نجم، شیخ آفتاب و دیگر بھی موجود تھے۔

جواد حامد نے کہا کہ مینار پاکستان کے پنڈال کو سجانے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے گی۔ ساری امت مسلمہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کی خوشی میں ہر گلی ہر گھر اور ہر محلے کو اپنی بساط کے مطابق موم بتیوں، تیل کے دیوں اور برقی قمقموں سے سجائے میلاد النبی کی خوشی میں کیک کاٹے جائیں، انہوں نے کہاکہ پاکستان سمیت دنیا بھر سے جید علمائے کرام، مشائخ عظام، قرآء و نعت خوان حضرات اور معروف مذہبی، سیاسی شخصیات کانفرنس میں شرکت کریں گی۔ عالمی میلاد کانفرنس کے موقع پر گوشہ درود اور حلقہ ہائے درود میں پڑھا جانیوالا اربوں درود پاک حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں پیش کیا جائے گا۔ مینار پاکستان کے وسیع پنڈال میں 4 دیوہیکل LED سکرینیں بھی لگائی جائیں گی تا کہ دور دور تک بیٹھے لاکھوں لوگ سٹیج کی کارروائی کو قریب سے دیکھ سکیں۔ انہوں نے کہاکہ انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان میلاد کانفرنس کی تیاریوں کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈا پور کو دیں گے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top