میلاد کانفرنس میں اپنی حفاظت خود کریں، حکومت کا منہاج انتظامیہ کو جواب

عالمی میلاد کانفرنس میں لاکھوں مرد و خواتین شریک ہوں گے، ڈاکٹر طاہرالقادری خطاب کریں گے، ڈاکٹر حسن محی الدین
عالمی میلاد کانفرنس کے تسلسل نے ملک میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت کے عقیدے کو فروغ دیا
سیکیورٹی کیلئے منہاج القرآن یوتھ لیگ اور ایم ایس ایم کے5ہزار نوجوان پنڈال میں موجود ہوں گے
کونسل آف سنیئر ممبرز تحریک منہاج القرآن کے اعزاز میں ہونے والی ضیافت میلاد کی تقریب سے خطاب

لاہور (17 دسمبر 2015) تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین القادری نے کہا ہے کہ 11 ربیع الاول کی رات مینار پاکستان پر ہونے والی عالمی میلاد کانفرنس میں ملک اور بیرون ملک سے لاکھوں مرد و خواتین اور بچے شرکت کر کے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کریں گے اور دنیا کو یہ پیغام دیں کہ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت سے بڑھ کر کوئی اور خوشی نہیں ہے۔ عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری لاکھوں عشاقان مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے خطاب کریں گے۔ ربیع الاول کے مقدس ایام کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عشق میں ڈوب کر گزارا جائے اور انکی ذات سے محبت کرنے کی فکر کو عام کرنے کی تجدید کی جائے۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ماہ ربیع الاول کے سلسلے میں منعقدہ ضیافت میلاد سے خطاب کر رہے تھے۔ کونسل آف سنیئر ممبرز تحریک منہاج القرآن کے اعزاز میں ہونے والی ضیافت میلاد کی تقریب کی صدارت ڈاکٹر حسن محی الدین نے کی جبکہ ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز منہاج القرآن شہزاد رسول، حاجی اسحاق، شیخ آفتاب، سہیل رضا، دلاور محمود، احمد صادق، عامر رفیع، حاجی عبد الخالق قادری اور تحریک منہاج القرآن کے دیگر مرکزی، صوبائی و ضلعی قائدین کی بڑی تعداد موجود تھی۔

ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہاکہ عالمی میلاد کانفرنس میں سب سے مقدم حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے ادب کا شعور پیدا کرنا ہے کیونکہ ذات مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کے بعد انکی تعلیمات کو سمجھنے اور عمل کرنے کی تحریک ملتی ہے۔ بڑھتی ہوئی بے سکونی، بے چینی اور اضطراب سے نجات کا ذریعہ بھی میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محافل کا انعقاد ہے۔ انہوں نے کہاکہ عالمی میلاد کانفرنس کے انعقاد کے تسلسل نے پورے ملک میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت کے عقیدے کو فروغ دیا ہے۔ نبی محترم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت دہشتگردی، تنگ نظری اور انتہاپسندی کے رویوں کا خاتمہ کرتی ہے۔ ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ پر امن جلسے اور تقریبات کا انعقاد ہر پاکستانی شہری کا بنیادی حق ہے جو ان سے کوئی نہیں چھین سکتا۔ شہریوں کو تحفظ دینا اور انکے جان و مال کی حفاظت کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہونا چاہیے۔

دریں اثناء تحریک منہاج لقرآن کو مینار پاکستان ڈسٹرکٹ انتظامیہ لاہور کی طرف سے اپنی سیکیورٹی خود کرنے کا احکامات کے ساتھ عالمی میلاد کانفرنس کی اجازت دی گئی، عالمی میلاد کانفرنس کے سیکرٹری جواد حماد نے کہا کہ ہمیں ویسے بھی حکومت کی سیکیورٹی پر اعتماد نہیں، یوتھ اور ایم ایس ایم کے 5ہزار نوجوان سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ دریں اثناء 18دسمبر جمعۃ المبارک کو منہاج گرلز کالج ٹاؤن شپ میں سالانہ محفل میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم برائے خواتین منعقد ہو گی جس میں سینکڑوں خواتین شرکت کریں گی، اہم سیاسی، سماجی اور مذہبی خواتین رہنما بھی پروگرام میں خصوصی شرکت کریں گی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top