ایٹمی پاکستان کے جمہوری حکمران تھر کے بچوں کو موت سے بچائیں: ڈاکٹر طاہرالقادری

صوبہ اور وفاق کی حکومتیں بے بس ہیں تو مدد کیلئے عالمی اداروں کو بلالیں
سربراہ عوامی تحریک کی منہاج ویلفیئر کو تھر میں امدادی اقدامات کرنے کی ہدایت

لاہور (24 جنوری 2016) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ ایٹمی پاکستان کے جمہوری حکمران تھر کے بچوں کو موت سے بچائیں، صوبہ اور وفاق کی حکومتیں بے بس اور لاچار ہیں تو عالمی اداروں کو مدد کیلئے بلا لیں، ایک مہینے میں 100 سے زائد بچوں کی اموات انتہائی تکلیف دہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹورنٹو سے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر سید امجد علی شاہ سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے منہاج ویلفیئر کو تھر میں بچوں کی خوراک، ادویات اور صاف پانی کی فراہمی کیلئے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

سید امجد علی شاہ نے بتایا کہ منہاج ویلفیئر کی طرف سے تھر میں کروڑوں کی مالیت سے ایک سال میں ساڑھے تین سو پانی کے نل لگائے جاچکے ہیں اور ٹیوب ویل کے میگا منصوبے پر بھی کام جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ حالیہ صورتحال پر قائد عوامی تحریک کی ہدایات کی روشنی میں خوراک، ادویات اور میڈیکل کیمپ لگانے کیلئے ہنگامی اقدامات کئے جائینگے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہاکہ دنیا میں مہذب جمہوری حکومتیں قومی وسائل عیاشی کے منصوبوں کی بجائے اپنے شہریوں پر خرچ کرتی ہیں، مگر وطن عزیز میں الٹی گنگا بہہ رہی ہے، انسانیت پر سرمایہ کاری کرنے کی بجائے سڑکوں، پلوں اور ترقی کے دشمن منصوبوں پر قومی دولت پانی کی طرح بہائی جا رہی ہے۔ کبھی ہسپتالوں میں وینٹی لیٹر نہ ہونے کے باعث معصوم بچے جان کی بازی ہارتے ہیں اور کبھی ڈینگی، سوائن فلو کے حملوں سے انسانی جانیں ضائع ہوتی ہیں، مگر حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ عوام ایسی نمائندہ حکومت اور انسان دوست جمہوری نظام چاہتے ہیں جو ان کے دکھ درد کو محسوس کرے اور یہ نظام انقلابی جدوجہد سے ہی قائم ہو گا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top