نام نہاد ترقیاتی منصوبوں کی آڑ میں لاہور کے تاجروں اور دکانداروں سے روزگار چھینا جارہا ہے: عوامی تحریک

عوامی تحریک نے لاہور میں تنظیم سازی شروع کر دی
میجر (ر) محمد سعید کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں لاہور کے تمام ٹاؤنز کے عہدیداروں کی شرکت

لاہور (25 جنوری 2016) پاکستان عوامی تحریک نے لاہور میں تنظیم سازی کا آغاز کردیا، اس ضمن میں لاہور کے 5 صوبائی حلقوں میں تنظیمی کوآرڈینیٹر بھی مقرر کر دئیے گئے ہیں، اس حوالے سے خصوصی اجلاس چیف آرگنائزر میجر (ر) محمد سعید کی زیرصدارت منعقد ہوا، اجلاس میں احمد نواز انجم، میاں طاہر یعقوب، راجہ زاہد، ساجد بھٹی، چودھری اعظم گجر، مرزا حنیف صابری، ثاقب بھٹی، چودھری علی حسن، اصغر ساجد، حاجی محمد اسحاق، اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ، بدیع الزمان، حامد جمیل و دیگر نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ لاہور کے عوام جن کو ووٹ دیتے ہیں وہ ان کا روزگار چھین رہے ہیں، بالخصوص لاہور کے تاجر اس وقت نام نہاد میگا ترقیاتی منصوبوں کی وجہ سے سخت مشکل میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک لاہور کے مظلوم تاجروں، مزدوروں کی آواز بنے گی اور ترقیاتی منصوبوں کے نام پر اپنی تجوریاں بھرنے والے ظالموں سے نجات دلائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف لاہور کے 80 فیصد عوام گنداپانی پی رہے ہیں دوسری طرف میٹرو اور اورنج ٹرین کے نام نہاد منصوبوں پر قومی خزانے کے کھربوں روپے لوٹائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کے عوام جب تک اکٹھے نہیں ہونگے ان کے ساتھ ظلم ہوتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری واحد قومی لیڈر ہیں جن میں ظالموں کے خلاف لڑنے کا حوصلہ ہے اور وہ مصلحت سے پاک کلمہ حق بلند کرنے کی قوت سے مالا مال ہیں، میجر (ر) محمد سعید نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کو لاہور میں منظم کرنا اور عوام کی متحرک جماعت بنانا میرا مشن ہے، اس کیلئے میرا تن، من دھن سب حاضر ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں یہ کام اپنی ذات کیلئے بلکہ پاکستان کو آئندہ نسلوں کیلئے ایک باوقار ملک بنانے کیلئے کررہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت جتنی بھی جماعتیں میدان میں موجود ہیں انہوں نے قوم کو مایوس کیا، ہم قوم کو اکٹھا کر کے پاکستان کو ظالموں کے شکنجے سے واگزار کروائیں گے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top