سربراہ عوامی تحریک کی کراچی سمیت ملک بھر کی تنظیموں کو کراچی سانحہ کی مذمت کرنے کی ہدایت

پی آئی اے بیچنے پر بضد حکمران بے گناہوں کے قتل کے ذمہ دار ہیں: ڈاکٹر طاہرالقادری
سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کو انصاف مل جاتا تو مزید بے گناہ قتل نہ ہوتے
ملک میں جمہوریت کے نام پر نازی ازم کا راج ہے، حکمرانوں کی کوئی اخلاقیات نہیں
وفاقی وزیر اطلاعات نے ایک روز قبل پرکاٹنے کی جو دھمکی دی تھی کراچی میں اس پر عمل کیا گیاژ

لاہور (2فروری 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن شہداء کو انصاف مل جاتا تو بھیڑیا صفت حکمرانوں کو مزید بے گناہوں کی جانیں لینے کی جرات نہ ہوتی۔ انہوں نے پی آئی اے کے ملازمین کے پرامن احتجاج پر فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت اور بے گناہوں کی اموات پر دلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں جمہوریت کے نام پر نازی ازم قائم ہے۔ پی آئی اے سمیت قومی اداروں کو اپنے حواریوں کے ہاتھوں اونے پونے بیچنے پر بضد حکمرانوں نے بربریت کی انتہا کر دی۔

سربراہ عوامی تحریک نے کراچی کے دلخراش واقعہ پر کراچی سمیت ملک بھر کی تنظیمات کوسانحہ کراچی کی مذمت کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں پرامن مظاہرین پر فائرنگ کے واقعہ کا مقدمہ وزیراعظم اور وفاقی وزراء کے خلاف درج ہونا چاہیے۔

دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نوازگنڈاپور کی زیر صدارت مشاورتی کونسل کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کراچی میں پی آئی اے کے پرامن ملازمین پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ اجلاس میں، چیف آرگنائزر میجر(ر) محمد سعید اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل خواجہ عامر فرید کوریجہ، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، سیکرٹری کوآرڈینیشن ساجد بھٹی، مظہر علوی، عرفان یوسف اور ویمن لیگ کی رہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات نے گزشتہ روز کھلے عام دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف احتجاج کرنے والوں کے پر کاٹ دئیے جائینگے، اس دھمکی پر حکمرانوں نے کراچی میں عمل کر کے دکھا دیا۔ حکمران خوف و ہراس پھیلا کر لوٹ مار کا بازار گرم رکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ کراچی میں ہونیوالی قتل و غارت گری کے واقعہ کی تفتیش کا آغاز وفاقی وزیر اطلاعات سے کیاجائے۔

میجر (ر) محمد سعید نے کہا کہ وفاقی وزیر ریلوے نے بھی گزشتہ روز مزدور رہنماؤں کے سروں سے ریل گزارنے کی دھمکی دی۔ ہم چیف جسٹس آف پاکستان اور آرمی چیف سے کہتے ہیں کہ وہ ریلوے کے ملازمین کو تحفظ دیں اور وفاقی وزیر ریلوے کی اس دھمکی کا نوٹس لیں۔ ن لیگ کے وزراء وحشت اور بربریت پر اتر آئے ہیں۔ ابھی سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے خون کے چھینٹے خشک نہیں ہوئے کہ مزید جانیں لی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ عملاً خون لیگ بن چکی ہے۔

ڈپٹی سیکرٹری جنرل خواجہ عامر فرید کوریجہ نے کہا کہ ملک میں سول مارشل لاء نافذ ہے۔ جعلی الیکشن کے نتیجے میں برسراقتدار فرعون حکمرانوں کو عوام مزید برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ رہنماؤں نے کہا کہ پی آئی اے کے جاں بحق ملازمین کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ انہیں صبر دے اور ان قاتل حکمرانوں کو ان کے انجام تک پہنچائے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top