لاہور ترقی کر رہا ہے، جنوبی پنجاب سیلابوں میں ڈوبنے کیلئے رہ گیا، ڈاکٹر حسین محی الدین

مورخہ: 26 مارچ 2016ء

مقامی جاگیر داروں، غیر مقامی صنعتکارحکمرانوں نے خواجہ غلام فرید رحمۃ اللہ علیہ کی دھرتی سے اچھا سلوک نہیں کیا
جنوبی پنجاب میں ا یک دن میں تین جلسے ہوئے سب سے بڑا جلسہ عوامی تحریک نے کیا، عامر فرید کوریجہ
جلسہ عام سے سردار شاکر مزاری، چوہدری فیاض وڑائچ، پروفیسر عبد القدوس درانی و دیگر کا خطاب

لاہور (26 مارچ 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سنیئر رہنماء منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین نے مظفر گڑھ میں عوامی تحریک کے ورکرز کنونش اور فروغ امن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صرف لاہور کی چند سڑکوں کی تزئین و آرائش پر صوبہ کے 35اضلاع کا بجٹ لگا یا جا رہا ہے، جنوبی پنجاب کے عوام سیلابوں اور غربت کے عذابوں میں ڈوبنے کیلئے رہ گئے ہیں، مقامی جاگیرداروں اور غیر مقامی صنعتکار حکمرانوں نے خواجہ غلام فرید رحمۃ اللہ علیہ ، بہاؤالدین زکریا، شاہ شمس تبریزکی دھرتی سے اچھا سلوک نہیں کیا۔ گورنری، سپیکر شپ اور چند وفاقی اور صوبائی وزارتوں کے عوض خطہ کے کروڑوں عوام کے حقوق کا سودا کیا گیا۔

جلسہ عام سے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل خواجہ عامر فرید کوریجہ، جنوبی پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ، نائب ناظم اعلیٰ سردار شاکر مزاری، پروفیسر عبد القدوس درانی، راؤ عارف رضوی، سید ظفر کچھی، علامہ سعید فاروقی، راجہ زاہد محمود، ملک طارق بھابھا، سردار آصف اللہ خان سدوزئی، ڈاکڑ سعد بلوچ، ریاض علیانی، اللہ بخش مکوال، سردار میاں جہانگیر بدر مکوال اور میاں غلام رسول مکوال نے خطاب کیا۔

ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہاکہ جنوبی پنجاب کے دھرتی کے عوام وفا دار اور ظالموں کے خلاف سینہ سپر ہونے کی جرات رکھتے ہیں اسی خطہ کے عوام نے اسلام آباد کے دھرنے میں ظالم نظام اور ماڈل ٹاؤن کے قاتل حکمرانوں کے خلاف جانی و مالی قربانیاں دے کرایک نئی سیاسی تاریخ رقم کی۔ ڈاکٹر طاہرالقادری اور ان کی آئیندہ نسلیں بھی ان قربانیوں کو یاد رکھیں گی، انہوں نے کہاکہ موجودہ صنعتکار اور کارخانہ دار حکمران اس خطے کے اندر اس وقت نظر آئینگے جب کوئی الیکشن ہو گا، بلدیاتی الیکشن کے بعد کسان پیکج فرار ہو گیا اور لودھراں کے ضمنی الیکشن کے بعد حکمرانوں نے راستے بدل لئے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان عوامی تحریک اور ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا اس خطے کے عوام سے یہ وعدہ ہے کہ جب بھی اللہ نے اقتدار دیا تو ترقی کا سفر مظفر گڑھ، راجن پور سے شروع ہو گا۔ اس خطے کا کوئی پڑھا لکھا ڈگری ہولڈر حسرت سے لاہور اور اسلام آباد کی طرف نہیں دیکھے گا۔ قوم کی لوٹی گئی دولت واپس لا کر یہاں صنعتیں لگائیں گے اور روزگار کو بے روزگاروں کی دہلیز تک لے جائیں گے، تھانے اور کچہریاں بدمعاشوں کیلئے دارالحساب اور مظلوموں کیلئے دار الامان بنائیں گے، انہوں نے کہاکہ جس ملک اور خطے کے حکمران قاتل بن جائیں انکے خلاف ضمیر کے مطابق آواز بلند نہ کرنا اللہ کے غضب کو دعوت دینے کے مترادف ہے، انہوں نے کہاکہ ماڈل ٹاؤن کے قاتل حکمرانوں کے خلاف صرف عوامی تحریک کے غریب کارکن لڑ رہے ہیں، کیونکہ عوامی تحریک کی صفوں میں غریب مگر غیرت مند کارکن شامل ہیں اور عوامی تحریک کا مرنا جینا غریبوں اور مظلوموں کے ساتھ ہے، انہوں نے کہا کہ وقت کے فرعون ڈاکٹر طاہرالقادری کے خلاف اس لئے اکٹھے ہو جاتے ہیں کہ انہیں پتہ ہے کہ اصلی اور حقیقی احتساب صرف ڈاکٹر طاہرالقادری کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ غریب عوام مایوس نہ ہوں انکے دن بدلنے والے ہیں اور ظالم اپنے انجام کو پہنچنے والے ہیں۔

خواجہ عامر فرید کوریجہ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج جنوبی پنجاب کی دھرتی پر بلاول اور سراج الحق نے بھی جلسہ کیا مگر ڈاکٹر طاہرالقادری کے کارکنوں کا جلسہ سب سے بڑا ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت میں نہ ہوتے ہوئے بھی جنوبی پنجاب کے غریب کاشتکار، مزدور عوامی تحریک سے پیار کرتے ہیں۔

جنوبی پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ نے کہاکہ پیکج کے نام پر کسانوں کو دھوکہ دینے والے دھوکے باز اور غدار ہیں جس دن کسان سڑک پر نکل آیا ان صنعتکار حکمرانوں کو انکی آگ سے سرخ چمنیاں بھی پناہ نہیں دیں گی، انہوں نے کہاکہ آخری بار ان قاتل حکمرانوں کو کہہ رہے ہیں مخلوق خدا پر ظلم کرنا بند کر دو اور لندن اور سوئس ببینکوں میں پڑی ہوئی لوٹ مار کی دولت وطن میں واپس لے آؤ، اب کے بار ڈاکٹر طاہرالقادری کے دیوانے سڑکوں پر آئے تو پھرایوانوں پر قومی پرچم کے ساتھ ساتھ کسانوں اور مزدوروں کے جھنڈے لہرائیں گے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top