سیالکوٹ: یتیم بچوں کی کفالت کے ادارے آغوش کا افتتاح

سیالکوٹ میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیرانتظام یتیم اور بےسہارا بچوں کی کفالت کے لیے ادارہ آغوش کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن سیالکوٹ کے تحت چلنے والے اس ادارے کا افتتاح 26 اپریل 2016 کو ہوا۔ افتتاحی تقریب میں ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور، نائب ناظم اعلیٰ رفیق نجم، ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن سید امجد علی شاہ، سید شہزاد حسین نقوی، ریاست علی چدھر اور تحریک منہاج القرآن سیالکوٹ کے امیر یونس قادری سمیت منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن سیالکوٹ کے عہدیداران اور رضاکاران شریک تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خرم نواز گنڈاپور نے ادارہ آغوش کے قیام پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن سیالکوٹ کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے مذہبی، تعلیمی اور فلاحی کاموں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کام اُن تمام اداروں کے لئے مشعل راہ ہے جو انہی شعبوں میں کام کر رہے ہیں۔ انہوں نےکہا کہ شیخ الاسلام نے اپنے علمی اور تحقیقی کام کے ذریعے دنیا کو اسلام کے حقیقی چہرہ سے روشناس کرایا، تاریخی فتوی دے کر اسلام کے نام پر دہشت گردی کے داغ کو صاف کردیا، جبکہ فلاحی کاموں کے ذریعے اسلام کے فلاحی تصور کو عملی صورت میں پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری صرف پاکستان کے لوگوں کے لئے باعث فخر نہیں بلکہ دنیا کے تمام مسلمانوں کے لئے باعث فخر ہیں۔

اس موقع پر سید امجد علی شاہ کا کہنا تھا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے ہر موقع پر لوگوں کی امداد کی ہے۔ سیلاب، زلزلہ، صاف پانی و خوراک کی فراہمی میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن فلاح و بہبودِ انسانی کے لیے تعلیم، صحت اور فلاح عام کے سینکڑوں منصوبہ جات پر ہمہ وقت مصروف عمل ہے۔ لاہور میں قائم منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کا ادارہ آغوش والدین کے سائے سے محروم بچوں کی کفالت اور تعلیم و تربیت کا شاندار اہتمام کر رہا ہے۔ اس ادارے میں بچوں کی صرف جسمانی ہی نہیں بلکہ تعلیمی، تربیتی، ذہنی، نفسیاتی اور روحانی ضروریات کا بھی ہر ممکن خیال رکھا جاتا ہے۔ اس ادارے کا نصب العین ان بچوں کو مفید اور معزز شہری بنانا ہے۔ تقریب سے رفیق نجم، یونس قادری، آغوش سیالکوٹ کے ڈائریکٹر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Minhaj TV
Quran Reading Pen
Presentation MQI websites
Advertise Here
Top