ڈاکٹر طاہرالقادری کے نام بیرون ملک ایک انچ زمین نہیں:عوامی تحریک

مورخہ: 18 جون 2016ء

رانا لیکس سے پانامہ لیکس کے حقائق کی پردہ پوشی نہیں ہو سکتی:خرم نواز گنڈاپور
مال روڈ کا دھرنا ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کے خلاف عوام کا ریفرنڈم تھا

لاہور (18 جون 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے رانا ثناء اللہ کی سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری پر تنقید کو چور مچانے شور قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ الزام تراشی وہ شخص کررہا ہے جس کے اپنے آقاؤں کے نام آف شور کمپنیاں بنانے کی فہرستوں میں شامل ہیں اور اس بدعنوان حکمران خاندان کی بدعنوانی کے اشتہار پوری دنیا میں شائع ہورہے ہیں اور بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی منہ چھپاتی پھرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا جانتی ہے کہ آف شور کمپنیوں کے مالکان کون ہیں جو احتساب سے بھاگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی او آرز کی تیاری اور احتساب سے بھاگنے والا شریف خاندان ہے، ان کے حواری سوچ سمجھ کر بات کیا کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگست 2014 ء کے دھرنے کے دوران رانا ثناء اللہ اور ان کے آقاؤں نے ایف بی آر، ایف آئی اے، نیب پولیس کے ذریعے ڈاکٹر طاہرالقادری کا کڑا احتساب کیا اور الٹا لٹکنے کے باوجود ایک پائی کی بدعنوانی ثابت نہ کر سکے اور نہ ہی کوئی ایک لائن کا اعتراض سامنے لا سکے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کا ماضی، حال کھلی کتاب کی طرح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے نام لاہور میں صرف ایک جائیداد ہے وہ ان کا رہائشی ایک کنال کا گھر ہے جہاں 3فیملیز رہائش پذیر ہیں، اس کے علاوہ پوری دنیا میں ان کے نام ایک انچ زمین نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مال روڈ کا عظیم الشان دھرنا ماڈل ٹاؤن کے قاتل حکمرانوں کے خلاف ریفرنڈم تھا۔ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کا خون، قاتلوں کا پیچھا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کے مقابلے میں رانا لیکس کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا ماسٹر مائنڈ، کالعدم تنظیموں کا سرپرست اور چھوٹو گینگ کا سرغنہ ہے جس کے اپنے دامن میں سو چھید ہوں اسے دوسرے کے دامن پر داغ تلاش نہیں کرنے چاہیے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top