انقلاب کیلئے بہنے والا خون رائیگاں نہیں جائیگا، شہداء کا قصاص لینگے: ڈاکٹر طاہر القادری

تحریک منہاج القرآن کے 36 ویں یوم تاسیس پرخصوصی تقریب، ڈاکٹر حسین محی الدین و دیگر کا خطاب
امن کیلئے گرانقدر خدمات انجام دینے پرUN کیطرف سے منہاج القرآن کو سپیشل کنسلٹیٹو سٹیٹس ملا: مقررین
تعلیم، تربیت اور انقلاب کے عزم سے شروع ہونیوالی تحریک 90 ممالک تک پھیل چکی، شہداء کیلئے فاتحہ خوانی
تقریب میں شہدا کے ورثاء، اسیران انقلاب و زخمیوں کی خصوصی شرکت، خون رنگ لائیگا انقلاب آئیگا کے نعرے


لاہور (16 اکتوبر 2016) تحریک منہاج القرآن کے 36 ویں یوم تاسیس پر بانی و سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر طاہر القادری نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم تحریک کے کارکنان کو انکی خدمات، استقامت، جرات مندانہ جدوجہد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انقلاب کیلئے بہنے والا خون اور کارکنوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ قاتل سن لیں شہداء کا خون تحریک پر قرض ہے، ہر صورت قصاص لیں گے، تحریک منہاج القرآن نے نوجوانوں کو انتہا پسندی، دہشتگردی اور فتنہ خارجیت سے بچایااور اسلام کے علم و امن کے پیغام کو دنیا بھر میں عام کیا۔

36 ویں یوم تاسیس پر منہاج القرآن لاہور کے زیراہتمام صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین کی زیر صدارت خصوصی تقریب ،مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہو ئی، جس میں سینکڑوں کارکنان و عہدیداران نے شرکت کی۔ ڈاکٹر حسین محی الدین نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ تحریک منہاج القرآن نے قرآن و سنت کی حقیقی تعلیمات کو عام کیا۔ علم و امن کے فروغ اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے قابل فخر خدمات انجام دینے پر یو این کی طرف سے منہاج القرآن کو سپیشل کنسلٹیٹو کا سٹیٹس ملا، جو پاکستان ہی نہیں پورے عالم اسلام کیلئے باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے اسلامک سکالرز کی ایک ایسی کھیپ تیار کی جو پاکستان کے ساتھ ساتھ پوری دنیا میں علم و امن کی شمعیں روشن کر رہے ہیں۔

تقریب میں منہاج القرآن کے بانی اراکین، شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء، اور اسیران انقلاب و زخمی خصوصی طور پر شریک ہوئے۔ تقریب سے امیر لاہور حافظ غلام فرید، رفیق نجم، سید الطاف حسین شاہ، چودھری افضل گجر، اشتیاق حنیف مغل، علامہ غالب پرویز، حاجی فرخ حبیب، علامہ غلام اصغر، علامہ محمد حسین آزاد، حاجی محمد حنیف، شیخ محمد اسلم، عارف چودھری نے خطاب کیا۔ سالانہ تقریب میں خواتین کی بڑی تعداد بھی شریک تھی۔

عہدیداروں نے تحریک منہاج القرآن کی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ17 اکتوبر 1980 ء کو بانی و سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے تحریک منہاج القرآن کا آغاز کیا اور اس کے مقاصد و اہداف میں تعلق باللہ، ربط رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، تنظیم، تحقیق، تعلیم، تربیت وانقلاب شامل تھے۔مقررین نے کہاکہ 36 سال کے عرصہ میں تحریک منہاج القرآن نے ملکی و عالمی سطح پر فروغ علم و امن کیلئے گرانقدر خدمات انجام دیں۔ بین المسالک و مذہبی ہم آہنگی کیلئے عملی کردار ادا کیا۔ کرپشن زدہ قاتل ملکی سیاسی نظام کے خلاف تحریک کے کارکنوں نے بے مثال جانی، مالی قربانیاں دیں۔

90 ممالک میں اسلامک سنٹرز کا قیام، ویلفیئر کے نظام کے تحت 6 سو سے زائد سکولوں، 40 کالجز، ایک چارٹرڈ یونیورسٹی، کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز، یتیم و بے سہارا بچوں کیلئے ادارہ آغوش، غریب بے آسرا بچیوں کیلئے بیت الزہراء، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن، فرید ملت ریسرچ انسٹیٹیوٹ کا قیام تحریک کی قابل ذکر کامیابیاں ہیں۔ حافظ غلام فرید نے کہاکہ سندھ کے دور دراز علاقوں میں پانی کے پراجیکٹس، اجتماعی شادیوں، اجتماعی قربانیوں اور وسیلہ روزگار اسکیم ویلفیئر کے اہم پراجیکٹس ہیں۔ فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ نے ڈاکٹر طاہر القادری کی سرپرستی میں 5 سو کتب کی اشاعت کو یقینی بنانے کا حیرت انگیز کارنامہ انجام دیا۔شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے یہ علمی و تحقیقی جوہر پارے انسانیت کو روشنی دکھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا  کہ انگریزی، عربی، اردو میں تحریر کی گئیں ان کتب میں ترجمہ عرفان القرآن، احادیث مبارکہ پر تاریخی نسخہ المنہاج السوی اور فتنہ خوراج و دہشت گردی کے خاتمے پر جاری کیا گیا 6 سو صفحات پر مشتمل فتویٰ نے عالمگیر شہرت حاصل کی۔

رفیق نجم نے کہا کہ منہاج القرآن کے زیر انتظام 6 سو سے زائد سکولوں و کالجز میں 1 لاکھ 40 ہزار سے زائد طلباء زیر تعلیم ہیں اور ہزاروں طالب علم ان اداروں سے اپنی علمی پیاس بجھا چکے ہیں۔سید الطاف حسین شاہ نے کہا کہ منہاج القرآن کا ایک روحانی اقدام گوشہ درود کا قیام ہے۔ اس نظام کے تحت نبی آخر الزماں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم  بارگاہ میں 11 اکتوبر 2016 تک 1 کھرب، 28 ارب، 13 کروڑ 7 ہزار 93 مرتبہ درود پاک پڑھا گیا اور یہاں 24 گھنٹے درود پاک پڑھا جاتا ہے۔ شرکائے تقریب نے وطن عزیز میں استحصال، کرپشن، نا انصافی کے خاتمے اور شہدائے ماڈل ٹاؤن کو قصاص دلوانے کیلئے تجدید عہد بھی کیا۔ آخر میں شہدائے ماڈل ٹاؤن و شہدائے اسلام آباد کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top