فیصل آباد: 25 جوڑوں کی شادیوں کی اجتماعی تقریب

منہاج ویلفیئر فاونڈیشن کے زیراہتمام 25 جوڑوں کی شادیوں کی اجتماعی تقریب 4 دسمبر 2016ء کو منہاج القرآن اسلامک سنٹر گلفشاں کالونی فیصل آباد میں منعقد ہوئی۔ اس پروقار تقریب کے مہمان خصوصی مرکزی ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن سید امجد علی شاہ تھے جبکہ صدارت تحریک منہاج القرآن فیصل آباد کے ضلعی امیر سید ہدایت رسول شاہ قادری نے کی۔ علامہ شاہدلطیف، حاجی محمد امین القادری، چودھری بشارت جسپال، رانا رب نواز انجم، میاں کاشف محمود، رانا طاہر سلیم خاں، شیخ اعجاز احمد، ندیم چوہدری، حاجی محمد سلیم قادری، حاجی محمد اشرف قادری، ملک سرفراز قادری، میاں عبدالقادر، عمیرحنیف، منیرشہباز، زین العابدین، غلام محمد قادری کے علاوہ دیگر ممتاز سیاسی، مذہبی اور سماجی شخصیات معزز مہمانوں میں شامل تھیں۔

شادیوں کے لیے پنڈال کو رنگ برنگی جھنڈیوں اور نہایت خوبصورت انداز میں سجایا گیا تھا، جہاں باراتوں کی آمد کا سلسلہ دوپہر 1 بجے تک جاری رہا۔ اس موقع پر ڈھول کی تھاپ اور فوجی بینڈ سے باراتیوں کا استقبال کیا گیا۔ تمام جوڑوں کے الگ الگ نکاح پڑھائے گئے، جس کے فرائض قاری محمد امجد ظفر اور قاری سرفرازسیالوی نے سرانجام دیئے۔
منہاج ویلفیئر فاونڈیشن کی طرف سے ہر دلہن کو ڈیڑھ لاکھ روپے سے زائد مالیت کا جہیز دیا گیا۔ اس سامان میں نسخہ قرآن پاک، جائے نماز، سیف الماری، ڈبل بیڈ، کرسیاں، میز، پیٹی، آٹے والی مٹی، اٹیچی کیس، سلائی مشین، واشنگ مشین، پنکھا، استری، کلاک، سٹیل برتن، ڈنر سیٹ، پلاسٹک برتن، رضائی ڈبل بیڈ، تکیے، کھیس، دریاں، واٹر سیٹ، ٹی کپ، میک اپ سامان اور ضروریات زندگی کا دیگر سامان شامل تھا۔ ہر دلہن کو سونے کا کوکا اور ہر دلہا کو گھڑی کا تحفہ بھی دیاگیا۔ تقریب میں 1000 مہمانوں کو پرتکلف کھانا دیا گیا ہے۔

مرکزی ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاونڈیشن سید امجد علی شاہ نے تمام دلہوں اور دلہنوں کو رشتہ ازواج میں منسلک ہونے پر مبارکباد دی اور انکے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ صرف ماہ ربیع الاول میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن 62 شادیاں کروانے جا رہی ہے جس میں 25 آج فیصل آباد، 25 شادیاں 14 دسمبر کو لاہور اور 12 شادیاں 21 دسمبر کو گجرات میں ہونگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ فرسودہ رسم و رواج اور غربت میں جکڑے معاشرے میں بیٹی کے ہاتھ پیلے کرنا غریب کے لیے ناممکن ہوتا جا رہا ہے ان حالات میں ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سرپرستی میں چلنے والی منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ملک کے دیگر شہروں میں علاقائی سطح پر پورا سال اجتماعی شادیوں کی تقاریب کا اہتمام کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے بے سہارہ اور یتیم بچوں کے منصوبے آغوش اور تھر جیسے علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے سمیت دیگر فلاحی اور تعلیمی منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ شاہد لطیف نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی مذہبی اور دینی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن دور حاضر میں احیاء دین اور عقیدے کی جو خدمت کر رہا ہے وہ کسی اور تنظیم کے حصہ میں نہیں آئی۔

حاجی محمد امین القادری نے شادیوں کی اجتماعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی مذہبی، تعلیمی اور فلاحی خدمات قابلِ تقلید ہیں۔ بانی تحریک منہاج القرآن امن و سلامتی کے حقیقی سفیر ہیں، جنہوں نے نفرتوں کو محبتوں سے بدلنے کا جو مشن شروع کیا ہے وہ پوری دنیا میں انہیں ممتاز کرتا ہے۔

پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر چودھری بشارت جسپال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر فرد دوسروں کو خوشیاں بانٹنے کا عظیم کام ضرور کرے کیونکہ غربت، جہالت اور پسماندگی کا خاتمہ کرنا سُنتِ رسولﷺ ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے بے سہارہ اور یتیم بچوں کے منصوبے آغوش سمیت دیگر فلاحی اور تعلیمی منصوبوں کو دوسروں کے لئے مثال بنا دیا ہے۔

پر وقار تقریب کا اختتام قرآن پاک کے سائے میں 25 دلہنوں کی رخصتی پر ہوا۔ اس موقع پر خوشی کی اس تقریب میں لوگوں کی آنکھیں پرنم ہوگئیں۔ دلہنوں اور ان کے رشتہ داروں نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی درازی عمر اور صحت کے لیے دعائیں دیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Minhaj TV
Quran Reading Pen
We Want to CHANGE the Worst System of Pakistan
Presentation MQI websites
Advertise Here
Top