مطالعہ قرآن علم، تقویٰ اور پاکیزگی کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے: امیر تحریک منہاج القرآن

منہاج القرآن کے زیر اہتمام منعقدہ عرفان القرآن کورس کی تقریب سے فیض الرحمن درانی کا خطاب
تقریب میں مہمان خصوصی انیس الرحمن بٹ، جی ایم ملک، تنویر خان، غلام مرتضیٰ علوی، سعید رضا کی شرکت

لاہور (2 جنوری 2017) تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام اساتذہ کے لیے 10 روزہ عرفان القرآن کورس مکمل ہونے پر خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر تحریک صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کہا کہ مطالعہ قرآن علم، تقویٰ اور پاکیزگی کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے۔ قرآن کو سیکھنا، سکھانا ایک عبادت ہے۔ اس مقصد کو حاصل کرنے کیلئے ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی ہدایت اور ویژن کی روشنی میں خاص و عام کے لیے عرفان القرآن کورس کو پاکستان کے ساتھ ساتھ اب دنیا کے چالیس سے زائد ممالک میں پھیلایا جارہا ہے اور آن لائن درس و تدریس کا ایک جدید آئی ٹی نیٹ ورک تشکیل دے دیا گیا ہے۔ اللہ کے کلام کو سمجھ کر پڑھنے سے دل و دماغ کو علمی اعتبار سے وسعت ملتی ہے۔

تقریب کے مہمانان خصوصی چیئرمین اینٹی کرپشن و نارکوٹکس کمیشن آف پاکستان انیس الرحمن بٹ، عبدالرشید، عبدالوکیل خان، میجر (ر) محمد خان اور ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی تھے۔ عرفان القرآن کورس کا اہتمام نظامت تربیت نے کیا۔ قرآنی علوم کی اہمیت اور درس و تدریس کے طریقہ کار اور وضع کر دہ کورس سے متعلق علامہ غلام مرتضیٰ علوی اور پروگرام کے آرگنائزر سعید رضا بغدادی نے تفصیلی بریفنگ دی۔ تقریب میں جی ایم ملک، نائب ناظم اعلیٰ کوآرڈینیشن تنویر خان، نائب ناظم رانا فیاض، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے خصوصی شرکت کی۔

تقریب سے ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی انیس الرحمن بٹ کو امیر تحریک منہاج القرآن صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے خصوصی شیلڈ دی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نائب ناظم اعلیٰ کوآرڈینیشن تنویر خان نے کہا کہ ادارہ منہاج القرآن قرآنی علوم کی ترویج و اشاعت کے حوالے سے بے مثال دینی خدمت انجام دے رہا ہے جس پر تحریک کے سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری اور ان کے تربیت یافتہ سکالرز مبارکباد کے مستحق ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے کہا کہ قرآن کو اس کے صحیح تلفظ، معنی اور مفہوم کے ساتھ پڑھنا اور سمجھنا ہر مسلمان کے لیے فرض ہے۔ ہر کلمہ گو مسلمان کو علم ہونا چاہیے کہ اللہ اپنے بندے سے کیا چاہتا ہے۔ سعید رضا بغدادی نے کہا کہ تجوید اور قرآت ایک علم اور فن ہے جس کے فہم کے بغیر قرآن پاک کو صحیح معنوں میں پڑھنا اور سمجھنا آسان نہیں۔ انہوں نے بتایاکہ عرفان القرآن کورس انتہائی مختصر مدت میں ان علمی اور فنی تقاضوں کو سہل کرتا ہے اورجدید کورس اور طریقہ تدریس کے ذریعے کوشش کی گئی ہے کہ 10 دن کے اندر عرفان القرآن کورس میں شریک ہونے والے ان بنیادی علوم میں مہارت حاصل کر لیں۔ تقریب کے اختتام پر کامیاب عرفان القرآن کورس مکمل کرنے والے معلمات اور معلمین میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ مرد اساتذہ میں پہلی پوزیشن شہریار خان، دوسری حافظ محمد آصف اور تیسری پوزیشن محمد رمضان نے حاصل کی۔ خواتین اساتذہ میں پہلی پوزیشن شمائلہ اسلم دوسری خدیجہ سجاد، تیسری شیلہ ملک نے حاصل کی۔ دعائے خیر نائب ناظم و ڈائریکٹر فارن افیئر جی ایم ملک نے کروائی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top