سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ظلم ہوا، ذمہ داروں کو سزا، ورثاء کو انصاف دیا جائے: شاہ زین بگٹی کی مرکزی سیکرٹریٹ کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو

بلوچستان ہو یا کوئی اور صوبہ ظلم کا خاتمہ ہونا چاہیے، ماڈل ٹاؤن کے قاتل انجام کو ضرور پہنچیں گے: خرم نواز گنڈاپور

لاہور (9 جنوری 2017) جمہوری وطن پارٹی کے سینئر مرکزی رہنما نواب شاہ زین بگٹی نے صوبائی عہدیداروں کے ہمراہ عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ کا دورہ کیا اور عوامی تحریک کے مرکزی رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ظلم ہوا۔ ذمہ داروں کو سزا اور ورثاء کو انصاف دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جب اپنے ہی ملک کے اندر اپنی ہی فورسز اس طرح اپنے شہریوں کو ماریں گی تو بیرونی دنیا کو ہم ان سوالوں کا کیا جواب دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے ویڈیو کلپس دیکھے میرا دل بہت برا ہوا۔ یہ ظلم ہے اس کا ازالہ پاکستان کی عدلیہ کو کرنا چاہیے۔ شاہ زین بگٹی کو مرکزی سیکرٹریٹ آمد پر سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور، جی ایم ملک، ساجد محمود بھٹی، جواد حامد، شہزاد رسول و دیگر رہنماوں نے خوش آمدید کہا۔ نواب شاہ زین بگٹی نے شہدائے ماڈل ٹاؤن کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔

عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ بلوچستان ہو یا کوئی اور صوبہ ظلم کا خاتمہ ہونا چاہیے۔ ہمیں امید ہے کہ ہمیں عدالتوں سے انصاف ملے گا اور قاتل انجام کو پہنچیں گے۔ جب انصاف نہیں ملتا تو پھر قانون ہاتھ میں لیا جاتا ہے۔ کسی کامیاب اور ناکام ریاست کا پیمانہ انصاف کی فراہمی اور عدم فراہمی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مرکزی ملزمان جو اس آپریشن کی نگرانی کررہے تھے وہ تمام پولیس افسران روپوش کروا دئیے گئے ہیں۔ آج انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج نے بھی سرکاری وکلاء سے ڈی آئی جی رانا عبدالجبار کے متعلق پوچھا تو وکلاء نے کہا کہ ہمیں کچھ علم نہیں کے وہ کہاں ہیں؟۔ سرکاری وکلاء کے اس ایک جواب سے ہی اندازہ ہو جاتا ہے کہ حکومت کیا چاہتی ہے۔ اگر مرکزی ملزمان کے متعلق عدالت کو بھی لاعلم رکھنے کی کوشش کی جائیگی تو پھر وہ کون سی ایسی اتھارٹی ہے جو مرکزی ملزمان کو کٹہرے میں کھڑا کر سکے؟۔ خرم نواز گنڈاپور نے نواب شاہ زین بگٹی اور ان کے ہمراہ آنے والے جملہ رہنماؤں کو خوش آمدید کہا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top