سپین: منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام بارسلونا میں میلاد فیسٹیول

منہاج القرآن ویمن لیگ سپین کے زیراہتمام یکم اپریل 2017 کو بارسلونا میں میلاد فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا، جس میں چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، سپین کے ممبران پارلیمنٹ اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں، پاکستانی، انڈین، بنگلہ دیشی اور مقامی کمیونیٹیز کی خواتین اور بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ میلاد فیسٹیول کا آغاز صبح 10 بجے ہوا جو شام 8 بجے تک جاری رہا۔

فیسٹیول میں اسلامی ثقافت اور کلچر سے آگاہی کے لیے مختلف پروگرامز کا انعقاد کیا گیا اور سٹالز بھی سجائے گئے۔ سٹالز میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تصانیف، خطابات کی سی ڈیز بھی رکھی گئیں۔ خواتین کے لیے مہندی، چوڑیوں، عربی، مراکشی اور برصغیر کے کھانوں کے سٹال بھی لگائے گئے تھے۔ فیسٹیول میں ڈنمارک، کینیڈا، فرانس اور اٹلی سے بھی مہمان شریک تھے۔ بارش کے باوجود سپین بھر سے پاکستان سے تعلق رکھنے والی سیاسی و سماجی تنظیموں کے نمائندگان کے علاوہ فیملیز نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کر کے میلاد فیسٹیول کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ میلاد فیسٹیول میں پاکستانیوں سمیت عرب ممالک سے تعلق رکھنے والی تنظیمات نے بھی اسٹال لگائے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب، عربی کھانوں اور اسلامی کلچر پر مشتمل تاریخی نوادرات کے اسٹال نے شرکاء کی توجہ کو اپنی جانب مبذول رکھا۔ مختلف شخصیات کی تقاریر، بچوں کی ملی نغمات کی پرفارمنس سمیت قدیر احمد خان کی قوالی کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔

میلاد فیسٹیول سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن محی الدین نے منہاج القرآن ویمن لیگ سپین سمیت مختلف کمیونٹیز کے نمائندگان اور سپانش اتھارٹیز کو اس اہم کاوش میں تعاون کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کا میلاد فسٹیول خوش آئند ہے۔ کسی کا جس مذہب سے بھی تعلق ہو ہمارا پیغام یہی ہے کہ محبت، امن اور پیار کے ساتھ ایک دوسرے کے کلچر کو مل کر منائیں۔ ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ آج کا فیسٹیول اس لیے بھی اہمیت کا حامل ہے کہ مسلمان اپنے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا جس طرح میلاد مناتے ہیں اسی طرح حضرت عیسی علیہ السلام کی ولادت کی خوشی کا بھی اہتمام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام ظلم کی نہیں بلکہ تمام انسانیت کیلئے امن کی بات کرتا ہے، ہمارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے نجران کے چند مسیحی ملنے آئے تو قیام کے دوران عبادت کے  وقت آقا ﷺ نے مسجد نبوی کے دروازے کھول دئیے، ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ مدینہ میں رہنے والے تمام کفار کو امان حاصل تھا۔

اسپانش اتھارٹیز نے اپنے خطاب کے دوران میلاد فیسٹیول کے انعقاد کو سراہتے ہوئے منہاج القرآن انٹرنیشنل کو مبارکباد پیش کی، جبکہ منہاج القرآن ویمن لیگ کی صدر محترمہ صغریٰ انصر نے اردو اور دیبا اصغر نے سپانش زبان میں میلاد فیسٹیول کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اسلام امن کا دین ہے اور مسلمانوں کا دہشتگردی سے کوئی تعلق نہیں، انہوں نے کہا کہ حضرت محمد ﷺ تمام جہانوں کیلئے رحمت بن کر تشریف لائے، جبکہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو پرنس آف پیس کے طور پر جانا جاتا ہے۔ آج دنیا کو بدترین دہشتگردی کا سامنا ہے ضروری ہے کہ مسلمان، مسیحی اور دیگر مذاہب کے رہنما اپنے اپنے مذہب کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر انسانیت کے دشمنوں کے عزائم کو خاک میں ملا دیں۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری جنہیں دنیا سفیر امن کے نام سے جانتی ہے، انہوں نے ہمیشہ امن، محبت اور بین المذاہب رواداری کی بات کی ہے۔ انہوں نے ڈنمارک، کینڈا، فرانس اور اٹلی سے مہمانوں کی شرکت پر شکریہ ادا کیا۔

بعد ازاں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے فیسٹیول کے اسٹالز کا دورہ کیا اور میلاد فیسٹیول سمیت ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی پرامن جدوجہد کے متعلق میڈیا کے نمائندوں کو انٹرویوز ریکارڈ کروائے۔ تیز بارش کے باعث قبل از وقت ہی درود سلام کے بعد فیسٹیول اختتام پزیر ہو گیا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top