منہاج القرآن یوتھ لیگ کا دہشتگردی، بیروزگاری کے خلاف نیشنل الائنس بنانے کا اعلان

تمام جماعتوں کی یوتھ کو الائنس میں قومی کردار کی ادائیگی کیلئے شامل ہونے کی دعوت دی جائے گی
یوتھ لیگ کی مرکزی کونسل کے اجلاس میں تنویر احمد خان، مظہر علوی و دیگر کا خطاب

لاہور (9 اپریل 2017) منہاج القرآن یوتھ لیگ کی سنٹرل کونسل کے اجلاس میں کرپشن، دہشتگردی اور بیروزگاری کے سد باب کیلئے تمام جماعتوں کی یوتھ پر مشتمل قومی الائنس بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ اجلاس کی صدارت یوتھ ونگ کے مرکزی صدر مظہر علوی نے کی جبکہ مہمان خصوصی نائب ناظم اعلیٰ تنویر احمد خان تھے۔ مظہر علوی نے مرکزی کونسل کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو پالیسی سازی کے عمل سے الگ رکھا جا رہا ہے۔ ملک کے مسائل حل ہونے کی بجائے گھمبیر ہو رہے ہیں۔ عملاً نوجوانوں کی کسی فورم پر نہ تو موثر نمائندگی ہے اور نہ ہی فیصلہ سازی میں انہیں شامل کیا جا رہا ہے جبکہ حکومتی نا اہلی اور ناقص فیصلوں کا سب سے بڑا شکار ملکی آبادی کا 60 فی صد سے زائد نوجوان طبقہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ منہاج القرآن یوتھ لیگ کے نوجوان ملک گیر ضرب امن مہم کے تحت دہشتگردی کے خلاف تحریر کئے گئے ڈاکٹر طاہرالقادری کے متبادل بیانیہ کو گھرگھر پہنچا رہے ہیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب ناظم اعلیٰ تنویر خان نے کہاکہ تحریک منہاج القرآن علم، امن اور کردار سازی کی ایک عالمگیر تحریک ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کی فکر اور تحقیق نے نوجوانوں پر انتہائی مثبت اثرات مرتب کئے ہیں اور انہیں حقیقی معنوں میں اقبال کا شاہین بننے میں مدد دی ہے۔ نوجوانوں کواہم فیصلوں سے الگ تھلگ رکھ کر کوئی بھی قومی ہدف حاصل نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن یوتھ کونسل کا آئیڈیا اہم ہے اس پر بلا تاخیر عمل ہونا چاہیے اور پورے ملک کی یوتھ مل کر فیصلہ ساز فورمز کو مجبور کرے کہ وہ نوجوانوں کا استحصال بند کر دیں۔ اجلاس میں ایک قرارداد کے ذریعے مطالبہ کیا گیا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے تحریر کردہ امن نصاب کو تعلیمی اداروں میں پڑھایا جائے، اجلاس میں امن قرارداد جس پر 10لاکھ نوجوانوں کے دستخط لئے جا رہے ہیں پر اطمینان کا اظہا ر کیا گیا۔ اجلاس سے مقصود اعوان، وقار قادری، امجد حسین جٹ، عصمت علی، انعام مصطفوی، حاجی فرخ خان اور چوہدری علی رضا نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top