عوامی تحریک شہدائے ماڈل ٹاؤن سے اظہار یکجہتی کیلئے 15 جولائی کو مال روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کرے گی

سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری مظاہرین سے خطاب کریں گے
انتظامات مکمل، پنجاب اسمبلی کے سامنے میدان سجے گا : خرم نواز گنڈاپور

لاہور(14 جولائی 2017) پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام شہدائے ماڈل ٹاؤن سے اظہار یکجہتی کیلئے پر امن احتجاجی مظاہرہ 15 جولائی بروز ہفتہ پنجاب اسمبلی کے سامنے مال روڈ پر کیا جائیگا۔ ہزاروں مظاہرین شہدائے ماڈل ٹاؤن سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ فوری پبلک کرنے کا مطالبہ کریں گے۔ سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری خطاب کریں گے۔ احتجاجی مظاہرے کے تمام تر انتظامات اور تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ مال روڈ پر روشنی کیلئے برقی قمقمے اور ساؤنڈ کا جدید انتظام کیا گیا ہے۔ پنجاب اسمبلی کے سامنے شہدائے ماڈل ٹاؤن سے اظہار یکجہتی اور قاتلوں کو سزا دینے کیلئے بینرز کے ساتھ ساتھ عوامی تحریک کے پارٹی پرچم بھی بڑی تعداد میں لگا دئیے گئے ہیں۔ عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے مال روڈ پر مظاہرے کے انتظامات اور کارکنان کو ہدایات دیں۔ عوامی تحریک کے رہنما جواد حامد، منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید، عوامی تحریک لاہور کے صدر چودھری افضل گجر، سعید اختر، اشتیاق حنیف مغل، عمر اعوان، حاجی فرخ، یونس نوشاہی و دیگر رہنماء بھی انکے ہمراہ تھے۔ مال روڈ پر اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کی جانب سے مظاہرین کو خوش آمدید اور ماڈل ٹاؤن کے شہیدوں سے اظہار یکجہتی کے بینرز بھی لگا دئیے گئے ہیں۔

دریں اثناء مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں عوامی تحریک اور منہاج القرآن لاہور کا اجلاس منعقد ہوا جس سے منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید اور عوامی تحریک لاہور کے صدر چودھری افضل گجر نے خطاب کیا۔ اجلاس میں احتجاجی مظاہرے کے انتظامات اور تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چودھری افضل گجر نے کہا کہ لاہور سے مظاہرے میں ہزاروں مرد و خواتین شرکت کر کے سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ہونیوالی بربریت کے خلاف پر امن احتجاج کریں گے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top