برما کے مسلمانوں کی نسل کشی کا UN اور اسلامی دنیا نوٹس لے: ڈاکٹر طاہرالقادری

تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ برما میں ڈیڑھ سو سال سے زائد عرصہ سے آباد مسلمانوں کے خلاف برمی حکومت کا سفاکانہ برتاؤ اور انسانیت سوز سلوک قابل مذمت اور قابل گرفت ہے۔ روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کا اقوام متحدہ، اسلامی دنیا اور انسانی حقوق کی تنظیمیں فی الفور نوٹس لیں۔ انہوں نے سنٹرل کور کمیٹی کے ممبران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ برما میں مسلمانوں کی بد ترین نسل کشی اور انسانیت کی تذلیل ہو رہی ہے، بچوں، عورتوں، نوجوانوں کو بے دردی سے قتل کیا جا رہا ہے، بچوں کو پاؤں کے نیچے کچلا اور ذبح کیا جا رہا ہے انہیں زندہ جلایا جا رہا ہے۔ خود اقوام متحدہ کا انسانی حقوق کمشن ظلم و بربریت کے بارے میں دنیا کو مطلع کر رہا ہے اس کے باوجود سخت اور فوری ایکشن میں تاخیر ناقابل فہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ برمی حکومت کی بربریت اور تعصب پر مبنی نسل پرستانہ رویہ مسلمہ عالمی اصولوں سے متصادم ہے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ اسلامی دنیا روہنگیا مسلمانوں کیلئے فنڈز قائم کرے اور ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے روڈ میپ تیار کرے۔ مزید خاموشی بے حسی اور ظلم کا ساتھ دینے کے مترادف ہو گی، ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ امت مسلمہ برما کے کمزور اور مدد کے طلبگار مسلمانوں کیلئے آواز اٹھائے۔ ان مظلوموں پر عرصہ حیات تنگ کر دیا گیا، خواتین کو درندگی کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ ان کے کھیت، گھر، محلوں کو آگ لگا دی جاتی ہے، یو این او انسانی حقوق کی ریجنل اور بین الاقوامی تنظیمیں تاریخ کی اس بد ترین نسل کشی اور انسانیت کی تذلیل کا نوٹس کب لیں گی؟ روہنگیا مسلمانوں کے بنیادی انسانی حقوق پامال کئے جا رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کے بینر تلے امن فورسز کو برما بھیجا جائے۔ نوبل انعام یافتہ انسانی حقوق کی علمبردار برمی خاتون رہنماء آنگ سوچی برمی حکومت اور فوج کے مظالم پر خاموش کیوں ہیں؟ انہوں نے اپنے ملک میں سیاسی، جمہوری حقوق کیلئے طویل جدوجہد کی، جیل بھی کاٹی۔ انہیں ایک مسلم اقلیت پر ہونے والے مظالم پر بولنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ روہنگیا مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کوئی راز نہیں، پوری دنیا کے سامنے ہیں، اب وقت آ گیا ہے کہ اقوام متحدہ فوری ایکشن لے اور ظلم بند کروائے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top