لاہور: گوشہء درود کی سالانہ مجلس ختم الصلوٰۃ علی النبی (ص)

تحریر: ایم ایس پاکستانی

تحریک منہاج القرآن کے مرکز پر قائم کردہ گوشہء درود و سلام کو ایک سال ہو گیا ہے۔ گذشتہ سال دسمبر 2005ء میں اس کا آغاز ہوا تھا۔ گوشہء درود کے ایک سال مکمل ہونے پر پہلی سالانہ و ماہانہ مجلس ختم الصلوٰۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور روحانی اجتماع 11 جنوری 2006ء کی شب مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن کے سبزہ زار میں منعقد ہوا۔ اس پروگرام کا آغاز شب 8 بجے ہوا۔ اسٹیج پر امیر تحریک صاحبزادہ فیض الرحمٰن خان درانی، نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، پرنسپل سیکرٹری ٹو شیخ الاسلام جی ایم ملک، محمد افضل نوشاہی، گوشہء درود کے خادم حاجی محمد ریاض، حاجی محمد سلیم قادری، ساجد محمود بھٹی، مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، پروفیسر محمد نواز ظفر، محمد جواد حامد، سید فرحت حسین شاہ، علامہ رانا محمد ادریس قادری، علامہ محمد شکیل ثانی، احمد نواز انجم، سید توقیر الحسن گیلانی، علامہ غلام ربانی تیمور، صاحبزادہ محمد حسین آزاد، صاحبزادہ ظہیر احمد نقشبندی اور تحریک منہاج القرآن کے مرکزی قائدین کے ساتھ دیگر مہمانوں کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔ دوسری طرف شب 9 بجے حاضرین محفل کی بڑی تعداد سے پنڈال کے لئے مختص دونوں لان مکمل طور پر بھر چکے ہیں۔ ملک بھر سے آنیوالے شرکاء میں خواتین کی ایک بڑی تعداد بھی یہاں موجود تھی۔ خواتین کے لئے پنڈال کا نصف حصہ مختص کیا گیا جو مکمل طور بھر چکا تھا۔ بعد ازاں خواتین کے لئے الگ انتظام بھی کیا گیا۔ خواتین پنڈال میں ویمن لیگ کی خواتین نے سیکورٹی کے انتظامات سنبھال رکھے تھے جبکہ مردوں کے پنڈال میں یوتھ لیگ کے نوجوان سیکورٹی کی ذمہ داری سرانجام دے رہے تھے۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز قاری اللہ بخش نقشبندی نے تلاوت کالم پاک سے کیا۔ اس پروگرام میں نقابت کے فرائض سید فرحت حسین شاہ اور علامہ غلام ربانی تیمور نے مشترکہ طور پر سرانجام دیئے۔ تلاوت کے بعد متعدد نعت خواں حضرات نے سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ عقیدت پیش کیا۔ منہاج نعت کونسل نے خصوصی طور پر یہاں مدح سرائی کی۔ انہوں نے شیخ الاسلام کا نعتیہ کلام اور گوشہء درود و سلام میں پڑھا جانیوالا درود پاک اپنے مخصوص انداز میں پڑھا۔

ناظم تربیت سید فرحت حسین شاہ نے مختصر خطاب کیا جس میں انہوں نے عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے سے درود و سلام کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ علاوہ ازیں اس خاص پروگرام کی مناسبت سے یہ بھی بتایا گیا کہ اب تک ایک سال میں تحریک منہاج القرآن کے مرکز پر قائم گوشہء درود و سلام میں پڑھا جانیوالا درود پاک اور دنیا بھر سے لوگوں کی طرف سے بھیجے جانیوالے درود پاک کی کل تعداد 53 کروڑ ہو گئی ہے۔ صرف گذشتہ ماہ دسمبر 2006ء میں پڑھے جانیوالے درود پاک کی تعداد 13 کروڑ ہے۔

شب 10:30 بجے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا لندن سے براہ راست ٹیلی فونک خطاب شروع ہوا۔ آپ نے اپنی گفتگو کے آغاز میں گوشہء درود و سلام کی اس خصوصی محفل پر تحریک کے مرکزی قائدین اور یہاں آنیوالے گوشہء نشینوں کو خصوصی مبارکباد پیش کی۔ آپ نے اپنے خطاب میں کہا کہ تحریک منہاج القرآن کا مرکز و محور نسبت محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو امت میں پختہ کرنا ہے۔ باقی تمام دائرے اس نسبت کے گرد گھومتے ہیں۔ آج اس نسبت کو مضبوط کرنا ہم سب کا دینی اور ایمانی فریضہ ہے۔ آپ نے کہا کہ نسبت محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پختگی واحد اور مرکزی نقطہ ہے جو منہاج القرآن کے قیام کا مقصد ہے۔

گوشہء درود و سلام کا قیام اس نسبت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پختگی کا ایک حصہ ہے۔ آپ نے اس حوالے سے ایک واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ سال 2006ء میں پاکستان کے سابق معروف گلوکار جنید جمشید اور کرکٹر سعید انور مجھ سے ملاقات کے لئے منہاج القرآن اسلامک سنٹر لندن تشریف لائے۔ محترم جنید جمشید بہت اچھے نعت خواں ہیں، میں نے ان سے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پیاری نعتیں سنیں۔ یہاں مجھ سے محترم سعید انور نے پوچھا کہ ہماری دعوت دین اور تبلیغ کا مرکزی نقطہ اور مرکز و محور "ایمان" ہے۔ آپ کے منہاج القرآن کا مرکزی نقطہ کیا ہے؟ تو اس پر میں نے کہا کہ "منہاج القرآن کی دعوت کا مرکزی نقطہ نسبت محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پختگی ہے"۔ یہی وہ تعلق ہے جس کے گرد ساری نسبتیں ہیں۔ آج کے اس دور میں ان والدین کے لئے یہ بات لمحہ فکریہ ہے کہ جو خود تو دین اور نسبت محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے جڑے ہوئے ہیں لیکن ان کی اولادیں اس کام میں نہیں ہیں تو ایسے والدین کی گرفت ہو گی۔ انہوں نے دین کی راہ میں اپنی زندگی تو لگا دی لیکن اس راستے کی طرف اپنی اولاد کو ترغیب نہ دی، یہ امر آج امت کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ آپ نے اس بات پر زور دیا کہ والدین ایسی مجالس میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ شرکت کیا کریں، یہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مجالس ذکر ہیں اس کو ذکر اور درود و سلام سے سجایا کریں۔ آپ نے اپنے خطاب میں نسبت محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے تعلق جوڑنے کے لئے 5 مراحل کا بھی ذکر کیا۔ شیخ الاسلام کا خصوصی خطاب ڈیڑھ گھنٹہ تک جاری رہا۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے خطاب کے بعد محمد افضل نوشاہی نے شیخ الاسلام کی تصنیف "دلائل البرکات" سے عربی کلام پیش کیا۔ اس کے بعد ختم پاک بھی انہوں نے پڑھا۔ آخر میں صاحبزادہ مسکین فیض الرحمٰن خان درانی نے اختتامی دعا کی، جس میں گوشہء درود میں پڑھے جانے والے درود پاک کو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں پیش کیا گیا۔ علاوہ ازیں اس میں حاضرین محفل کو بھی باقاعدہ شامل کیا گیا۔ مجلس کے اختتام پر خصوصی لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top