عقیدہ ختم نبوت قرآن کی نصوص قطعی اور احادیث مبارکہ سے ثابت، تحفظ ہر مسلمان پر فرض ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری

آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنی ذات کیلئے کسی سے بدلہ نہیں لیا مگر مظلوم کے مقابلہ میں کسی ظالم کو معاف نہیں کیا
فتح مکہ آپ کے اخلاق حسنہ اور امن پسندی کا نتیجہ ہے، تاجدارِ ختم نبوت کانفرنس سے خطاب
جب بھی کمزوروں پر ظلم ہوا، معاہدے توڑے گئے، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم عہد شکنوں سے نبرد آزما ہوئے
تاجدارِ ختم نبوت کانفرنس میں نیلسن منڈیلا کے پوتے مانڈوی منڈیلا کی خصوصی شرکت و خطاب
قبول اسلام خوش بختی ہے، خوشی ہے وہاں کھڑا ہوں جہاں پاکستان کی بنیاد رکھی گئی: مانڈوی منڈیلا

لاہور (30 نومبر 2017) تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل کے بانی و سرپرست ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے مینار پاکستان پر منعقدہ تاجدارِ ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خاتم النبین حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تمام جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجے گئے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کمزوروں، مظلوموں، یتیموں کے حقوق کا تحفظ کیا، اپنی ذات کیلئے کسی سے بدلہ نہیں لیا مگر مظلوم کے مقابلہ میں کسی ظالم کو معاف نہیں کیا۔ جس طرح دین کے حقوق اہم ہیں اسی طرح مظلوم کے حقوق اہم ہیں۔ ظالم، جابر، قاتل، غاصب، فاسق کے مقابلے میں مظلوم اور کمزور کی مدد کرنا آقائے دو جہان خاتم الرسل صلی اللہ علیہ وآلہ وسلمکی سنت مطہرہ ہے۔

آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اللہ کے آخری رسول ہیں یہ قرآن کی نصوص قطعی سے ثابت ہے اور احادیث مبارکہ میں بھی صراحت کے ساتھ عقیدہ ختم نبوت بیان ہوا ہے۔ عقیدہ ختم نبوت ایمان کی اساس اور اس کا تحفظ ہر کلمہ گو مسلمان پر فرض ہے۔ مسلمان ہونے کا دعویدار کوئی بدبخت ہی عقیدہ ختم نبوت سے انحراف کی جرآت کرسکتا ہے۔ جو فیصلے اللہ نے صادر فرما دئیے کوئی قیامت تک انہیں نہیں بدل سکتا۔

تاجدارِ ختم نبوت کانفرنس میں ساؤتھ افریقہ سے نیلسن منڈیلا کے پوتے رکن پارلیمنٹ مانڈوی منڈیلا نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ ان کے ہمراہ ساؤتھ افریقہ میمن کمیونٹی کے چیئرمین اے وی محمد، زید نورڈین، اسماعیل ابوالحسن خطیب، طاہر رفیق نقشبندی بھی کانفرنس میں خصوصی طور پر شریک ہوئے۔ معزز مہمانوں کو چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین، صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور اور نائب صدر تحریک منہاج القرآن بریگیڈیئر (ر) محمد اقبال نے کانفرنس میں خوش آمدید کہا۔ کانفرنس میں ملک بھر سے آئے ہوئے ہزاروں اسلامیان پاکستان نے شرکت کی۔ ممتاز نعت خوان حضرات نے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کیے اور قرآ حضرات نے شیریں زبان میں قرآن پاک کی تلاوت پیش کر کے ہزاروں شرکاء کے دلوں کو منور کیا۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مانڈوی منڈیلا نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی دعوت پر پاکستان آنا اور ختم نبوت کانفرنس میں شرکت میرے لیے ایک بڑا اعزاز ہے، مجھے خوشی ہے میں آج اس جگہ کھڑا ہوں جہاں پاکستان کی بنیاد رکھی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام ایک امن پسند دین ہے اور حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم دنیا کے عظیم انقلابی لیڈر ہیں، میرے دادا نیلسن منڈیلا نے کمزوروں کے حقِ آزادی کیلئے بے مثال جدوجہد کی۔ مجھے خوشی ہے تحریک منہاج القرآن اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اسلام اور پاکستان کے پرامن تشخص کو کامیابی کے ساتھ پوری دنیا میں اجاگر کر رہے ہیں۔ اسلام قبول کرنا میری خوش بختی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام محبت کرنے والے اور امن پسند ہیں۔ دہشت گردی کے خاتمے کی جدوجہد میں ان کی قربانیاں قابل تحسین اور پوری دنیا کیلئے قابل تقلید ہیں۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ آقائے دو جہان حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم امن پسند اور انسانیت کا احترام کرنے والے تھے انہوں نے امن کیلئے دشمنوں کے ساتھ ایسے معاہدے بھی قبول کیے جو بظاہر مسلمانوں کے مفادات سے متصادم نظر آتے ہیں۔ فتح مکہ آپ کے اخلاق حسنہ اورامن پسندی اور معاملہ فہمی کا ہی نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ ایفائے عہد کرنے والے تھے جو وعدہ کرتے تھے وہ پورا کرتے تھے آپ غیر مسلموں کے ساتھ کیے گئے وعدوں کو بھی پورا کرتے تھے۔ جب بھی کمزوروں پر ظلم ہوا، معاہدے توڑے گئے تو آپ عہد شکنوں، ظالموں، جابر وں کے خلاف نبردآزما ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے جملہ دینی اور دنیاوی مسائل کا حل اسوہ حسنہ اور سیرت طیبہ پر عمل پیرا ہونے میں ہے۔ تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے نیلسن منڈیلا کے پوتے مانڈوی منڈیلا و دیگر سیاسی، سماجی، مذہبی رہنماؤں، علماء و مشائخ و شرکاء کو تاجدارِ ختم نبوت کانفرنس میں شرکت پر مبارکباد دی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top