پیر خواجہ عطاء اللہ تونسوی کی ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سے ملاقات

نواز شریف بتائیں کس پردے کے پیچھے بیٹھ کر ملک لوٹا، سانحہ ماڈل ٹاؤن کا منصوبہ بنایا :ڈاکٹر محمد طاہرالقادری
سپریم کورٹ نے ایک پردہ اٹھایا اربوں کے ناجائز اثاثے نکل آئے، بہت سارے پردوں کو ابھی اٹھنا ہے
مظلوموں کو انصاف دے کر ریاست کو ثابت کرنا ہو گا کہ اسکی نظر میں سب برابر ہیں: خواجہ عطاء اللہ تونسوی
سربراہ عوامی تحریک نے خواجہ عطا اللہ تونسوی کو عمامہ اورپگڑی پہنائی

لاہور (4 جنوری 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ نواز شریف بتائیں انہوں نے کس پردے کے پیچھے بیٹھ کر سانحہ ماڈل ٹاؤن کی منصوبہ بندی کی اور 100 لوگوں کو گولیاں ماریں اور کس پردے کے پیچھے بیٹھ کر فوج اور عدلیہ کے خلاف مہم چلا رہے ہیں۔ نا اہل نواز شریف اور پاکستان کے دشمن آج کل ایک بولی بول رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سجادہ نشین تونسہ شریف خواجہ عطاء اللہ تونسوی سے ملاقات کے دوران کیا۔ سجادہ نشین تونسہ شریف 4 جنوری کو سربراہ عوامی تحریک سے ملاقات کیلئے آئے اور انہوں نے شہدائے ماڈل ٹاؤن کے انصاف اور قانونی جدوجہد اور ڈیڈ لائن کے بارے میں اپنی بھر پور حمایت کا یقین دلایا۔ سربراہ عوامی تحریک نے خواجہ عطا اللہ تونسوی کو عمامہ اور پگڑی پہنائی، جس پر انہوں نے اظہار تشکر کیا۔

اس موقع پرخواجہ عطا اللہ تونسوی نے کہاکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا انصاف سیاسی نہیں انسانی معاملہ ہے، مظلوموں کو انصاف دے کر اب یہ ریاست کو ثابت کرنا ہو گا کہ وہ ہر قسم کے اثر و رسوخ سے بالا تر ہے اور ہر شہری قانون کی نظر میں برابر ہے۔

سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے خواجہ عطاء اللہ تونسوی کی حمایت پر انکا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ برصغیر میں آستانوں کی یہ روایت رہی ہے کہ وہ ہر دور میں ظلم کے خلاف سینہ سپر ہوئے اور ظالم کے مقابلے میں مظلوم کے ساتھ کھڑے ہوئے اور حق کے علم کو سر بلند رکھا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہاکہ نواز شریف صرف قاتل ہی نہیں قومی لٹیرا اور ختم نبوت کے قانون کا بھی قاتل ہے، انہوں نے کرپشن کے کیسز اور نا اہلی ختم کروانے کیلئے بیرونی قوتوں کے کہنے پر ختم نبوت کے قانون میں تبدیلیاں کیں جو عاشقان رسول نے ناکام بنا دیں۔ انہوں نے کہا کہ ابھی اس جرم کی سزا باقی ہے۔

اس موقع پر عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے صدر چوہدری فیاض وڑائچ، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی بھی موجود تھے۔

سربراہ عوامی تحریک نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ایک پردہ اٹھایا جس میں سے صرف ایک ملک میں سے اشرافیہ کے اربوں کے ناجائز اثاثے نکل آئے ابھی بہت سے پردے اٹھنے باقی ہیں، انہوں نے کہا کہ میں اب بھی کہتا ہوں کہ نواز شریف کی جو کرپشن سامنے آئی اسکی حیثیت سمندر کے ایک قطرے سے زیادہ نہیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top