یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر عوامی تحریک کے زیراہتمام خصوصی تقریب

تقریب سے بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، جی ایم ملک، نور اللہ صدیقی اور دیگر کا خطاب
سہیل احمد رضا، قاضی فیض الاسلام، مظہر محمود علوی، عرفان یوسف نے بھی خطاب کیا

پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر خصوصی تقریب 5 فروری 2018ء کو مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں سینئیر راہنماء بریگیڈیر ریٹائرڈ اقبال احمد خان، جی ایم ملک، نور اللہ صدیقی، سہیل احمد رضا، قاضی فیض الاسلام، مظہر محمود علوی، عرفان یوسف، شہزاد رسول اور شیخ آفتاب نے خطاب کیا۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ کشمیر کی آزادی کے متعلق فیصلہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کیا جائے۔

بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنرل ایوب کے بعد کسی حکمران نے کشمیر کی آزادی کے لئے سنجیدگی نہیں دیکھائی، پہلے انگریز آرمی چیف جنرل گریسی غداری نہ کرتے تو آج کشمیر آزاد ہوتا۔

جی ایم ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کو پانچ فروری کے دن بھی وادی کشمیر میں موجود ہونے کے باوجود کلبھوشن کا نام لیکر بھارت کی مذمت کرنے کی توفیق نہیں ہوئی، انہوں نے کہا مودی کو خاندانی شادیوں میں بطور مہمان خصوصی شریک کرنے والے کشمیری عوام کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے۔

مرکزی سیکرٹری اطلاعات، نور اللہ صدیقی نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ مسئلہ کشمیر اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ سائنس امریکہ کی ایک سروے رپورٹ کے مطابق وادی کشمیر میں 41 فیصد شہری ڈپریشن کے مرض کا شکار ہیں اور 1994 کے بعد خود کشی کے کیسز میں اڑھائی سو فیصد اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری مزید کس انسانی المیے کا انتظار کر رہی ہے؟

سہیل رضا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز لیگ نے کشمیر کاز کو قومی کاز لسٹ سے نکالا کشمیر کو پی ٹی وی کے قومی خبر نامے سے نکالا کشمیر کو سفارتی مہم سے نکالا اور اب کہتے پھرتے ہیں مجھے کیوں نکالا۔

شہزاد رسول نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں بھارتی فوج کے جنگی جرائم کا نوٹس لیا جائے اور مقبوضہ وادی کے شہریوں کے انسانی حقوق کو بحال کیا جائے اور اقوامِ متحدہ مقبوضہ کشمیر میں فیکٹ فائنڈنگ مشن بھیجے۔ قاضی فیض الاسلام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایماندار اور غیرت مند وزیراعظم آئے گا تو مسئلہ کشمیر حل ہوگا انہوں نے کہا کہ نواز لیگ نے لوٹ مار کی دولت بچانے کے لئے کشمیر سمیت قومی سلامتی کے امور کو نقصان پہنچایا۔

مظہر محمود علوی نے کہا کہ، مسئلہ کشمیر حل کروانا اقوم متحدہ کے ساتھ ساتھ برطانیہ، پاکستان اور بھارت کی بھی ذمہ داری ہے۔ برطانیہ کی وجہ سے مسئلہ کشمیر نے تنازع کی شکل اختیار کی تقسیم ہند کے موقع پر اکثریتی آبادی والے خطوں کو آزادی دینے کے اصول کا کشمیر کے خطے پر بھی اطلاق کردیا جاتا تو آج جنوبی ایشیاء جنگ کے دھانے پر نہ ہوتا۔

چوہدری عرفان یوسف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور ہم اپنی شہ رگ کو دشمن کے پنجے سے آزاد کرائیں گے، امن کا راستہ کشمیر سے گزرتا ہے۔ شیخ آفتاب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمران بزدلی چھوڑ دیں اور کشمیری عوام کے ساتھ خلوصِ نیت سے کھڑے ہوں۔ اس موقع پر ملک فضل، طیب ضیاء، قاری ریاست چدھڑ اور دیگر نے شرکت کی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Minhaj TV
Quran Reading Pen
AL-HIDAYAH, Quran Festival, Quran Art Work, al-Hidayah Research Institute, al-Hidayah eLearning Institute
Dr Tahir-ul-Qadri's books App Islamic Library by MQI
Presentation MQI websites
Advertise Here
Top