عوامی تحریک اور منہاج القرآن لاہور کا مشترکہ اجلاس، ڈینگی ورکرز پر پولیس تشدد کی مذمت

پنجاب حکومت کی بیڈ گورننس کے باعث عوام سراپا احتجاج ہیں: حافظ غلام فرید
عوام کے بنیادی آئینی و قانونی حقوق پامال کئے جا رہے ہیں: چودھری افضل گجر
ڈاکٹرز، نابیناؤں، اساتذہ، کسانوں، لیڈی ہیلتھ ورکرز کے بعد اب ڈینگی ملازمین بھی سڑکوں پر ہیں، اجلاس سے خطاب

Hafiz Ghulam Faridلاہور (26 اپریل 2018) پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن لاہور کا مشترکہ ہنگامی اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت عوامی تحریک لاہور کے صدر چوہدری افضل گجر اور منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید نے کی، اجلاس میں عوامی تحریک اور منہاج القرآن لاہور کے ضلعی عہدیداران اور دیگر فورمز کے جملہ عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈینگی ورکرز پر پولیس تشدد کی پر زور مذمت کی گئی۔ اجلاس میں ممبر سازی مہم، عوامی رابطہ مہم اور آئندہ الیکشن کے حوالے سے بھی اہم فیصلے کئے گئے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید نے کہاکہ پنجاب حکومت کی بیڈ گورننس کے باعث عوام سراپا احتجاج ہیں۔ عوام کے بنیادی آئینی و قانونی حقوق پامال کئے جا رہے ہیں۔ ڈاکٹرز، نابیناؤں، اساتذہ، کسانوں، لیڈی ہیلتھ ورکرز کے بعد اب ڈینگی ملازمین بھی سڑکوں پر آ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں ڈینگی ورکرز پر پولیس کے بیہمانہ تشدد کی پرزور مذمت کرتے ہیں، پنجاب حکومت کے ایما پر پولیس اہلکاروں اور افسران نے انسانی حقوق کی پامالی کو روز کا معمول بنا لیا ہے۔ چور، ڈاکو، قاتل اور ملک لوٹنے والے دندناتے پھر رہے ہیں، پولیس نہتے شہریوں اور اپنے حقوق کیلئے آواز بلند کرنیوالے مظلوموں پر ظلم ڈھا رہی ہے۔ حافظ غلام فرید نے کہا کہ ڈینگی ورکرز کے جائز مطالبات کی حمایت کرتے ہیں اور ان سے مکمل اظہار یکجہتی بھی کرتے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن ہر مظلوم کا ساتھ دے گی۔ ڈینگی ورکرز پر ہونیوالے مظالم کی ہر فورم پر شدید مذمت کرینگے۔ قاتل، کرپٹ اور سرمایہ داروں کی حکومت میں ڈینگی ورکرز، مزدور، کسانوں اور لیڈی ہیلتھ ورکرز پر ظلم ہو رہا ہے۔ ریاستی ادارے حکمرانوں کے کہنے پر ظلم بھی ایسے ورکرز پر کر رہے ہیں جو شدید گرمی اور سردی میں اپنے فرائض انجام دیتے ہیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری افضل گجر نے کہاکہ ڈینگی ورکرز پر ہونیوالے ریاستی مظالم پر خاموش نہیں بیٹھیں گے، حکمران غریب ملازمین پر ظلم کر کے خدا کے عذاب کو دعوت دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن بھی ریاستی بربریت اور انسانی حقوق کی پامالی کا بد ترین واقعہ ہے۔ شریف برادران کے ایما پر 14 بے گناہوں کو شہید اور 100 سے زائد لوگوں کو شدید زخمی کیا گیا۔ حکمران بندوق کے زور پر بنیادی آئینی حقوق سلب کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی سے چند گز کے فاصلے پر پولیس نے ڈینگی ملازمین پر تشدد کیا۔ کیا اپنے جائز حقوق کیلئے آواز بلند کرنیوالوں پر اس طرح کا وحشیانہ تشدد کیا جا تا ہے؟ پاکستان عوامی تحریک ظلم کے اس نظام اور تشدد کے خلاف ملک کی سب سے بڑی انقلابی تحریک کی قیادت کر رہی ہے۔ ساری قوم ظلم کے نظام حکومت کے خلاف آواز بلند کرے۔ کرپٹ، نا اہل، سفاک اور قاتل حکمرانوں کی وجہ سے اسلام کے قلعہ پاکستان کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی وجہ سے دنیا میں بد نامی ہو رہی ہے۔

اجلاس سے ناظم لاہور اشتیاق حنیف مغل، حفیظ اللہ جاوید، میاں حنیف، حافظ صفدر علی، حاجی فرخ، عمر اعوان، یونس نوشاہی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top