سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کو حتمی فیصلوں تک ملک سے بھاگنے کی اجازت نہیں ملنی چاہیے: ڈاکٹر طاہرالقادری

قومی لٹیرے ملک چھوڑنے کے بہانے ڈھونڈ رہے ہیں، حکومت تھر کے بچوں کے تحفظ کے لیے خصوصی پیکیج دے
قومی لٹیرے مال، کھال بچانے کے لیے آخری حد تک جائیں گے، پاکستان اہم دوراہے پر کھڑا ہے
نیب نوٹس بھیجنے اور گرفتاریاں کرنے سے دو قدم آگے بڑھے، ریکوری گردن پر انگوٹھا رکھنے سے ہوگی
مافیا کبھی اقتدار اور کبھی اپوزیشن کے لبادے میں ریاست پاکستان پر حملہ آور ہوتا ہے، بڑے فیصلوں کی گھڑی ہے
لوٹا مال بازیاب کروانے کے لیے سعودی عرب اور چین کے ’’احتسابی ماڈل‘‘ سے استفادہ کیا جائے: گفتگو

لاہور (11 اکتوبر 2018) قائد تحریک منہاج القرآن وسربراہ پی اے ٹی ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قتل عام کے ماسٹر مائنڈ اور قومی دولت پر ہاتھ صاف کرنے والے ملک سے فرار ہونے کے بہانے ڈھونڈ رہے ہیں، کسی قاتل اور لٹیرے کو عدالتوں کے حتمی فیصلے تک ملک چھوڑنے کی اجازت نہیں ملنی چاہیے، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے منصوبہ سازوں کی طلبی کے لیے جلد اپیل سپریم کورٹ میں فائل کر دیں گے، اس حوالے سے وکلاء سے مشاورت آخری مرحلے میں ہے، سانحہ ماڈل ٹاؤن کا انصاف ہماری پہلی ترجیح ہے، حصول انصاف کے لیے 4 سال سے قانونی لڑائی لڑ رہے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی اورسندھ حکومت تھر کے بچوں اور غریب خاندانوں کے لیے خصوصی مالیاتی پیکیج کا اعلان کرے، ریاستی و سائل پر سب سے پہلا حق وسائل سے محروم شہریوں کاہے، قحط اور قدرتی آفات کا شکار خاندانوں کو تحفظ فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، وہ منہاج القرآن علماء کونسل کے رہنماؤں سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ پاکستان اپنی تاریخ کے اہم موڑ پر کھڑا ہے، قومی لٹیرے مال اور کھال بچانے کے لیے ریاست کو بلیک میل کرنے کے لیے آخری حد تک جائیں گے، ریاست کو اب اپنی موجودگی کا پورا پورا احساس دلانا ہوگا، مافیا کبھی اقتدار اور کبھی اپوزیشن کے لبادے میں ریاست پاکستان پر حملہ آور ہوتاہے، ملک بچانے اور چلانے کے لیے بڑے فیصلوں کی ضرورت ہے، لوٹا مال بازیاب کروانے کے لیے سعودی عرب اور چین کے’’احتسابی ماڈل‘‘ سے استفادہ کیا جائے، سعودی عرب نے مختصر عرصہ میں کرپشن کے اربوں ڈالرز خزانے میں جمع کئے، اس نظام کو جڑ سے اکھاڑ دینا چاہیے جو کرپشن، اقرباء پروری، سازش، جھوٹ اور سانحات کو تحفظ دیتا ہے، انہوں نے کہا کہ قومی لٹیرے آسانی سے لوٹا مال واپس نہیں کریں گے، نیب نوٹس بھیجنے اور گرفتاریاں کرنے سے ایک قدم آگے بڑھے، گردن پر انگوٹھا رکھنے سے کرپشن کا مال ریکور ہوگا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top