محنت کش کو اللہ نے اپنا دوست قرار دیا، مزدوروں کو روزگار بھی ملنا چاہیے، روزگار کا تحفظ بھی: ڈاکٹر طاہر القادری

ریاست مزدوروں کے بچوں کو مفت تعلیم، صحت کی سہولیات فراہم کرے، مزدوروں کی یومیہ اجرت میں اضافہ جائے
خوف ناک مہنگائی ، سماجی مسائل میں اضافے کے باعث مزدور اور غیر مزدور کی تفریق ختم ہوگئی ہے
مزدور کو انصاف مل رہا ہے اور نہ حقوق کا تحفظ ہی مل رہا ہے: قائد پاکستانی عوامی تحریک کا یوم مئی پر پیغام

لاہور (30 اپریل 2019ء) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے یوم مئی پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ محنت کش کو اللہ تعالیٰ نے اپنا دوست قرار دیا ہے۔ ہر دور میں مزدوروں کے حقوق دلوانے کے نام پر سیاست ہوتی رہی ہے مگر مزدور کو اس کا حق نہ مل سکا۔ مزدور اللہ کا دوست ہے اور مزدور کی خوشحالی ہی میں معیشت کی خوشحالی ہے۔ فی زمانہ خوف ناک مہنگائی اور سماجی مسائل میں اضافے کے باعث مزدور اور غیر مزدور کی تفریق ختم ہوگئی ہے۔ 50 فیصد ملک کی آبادی خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہی ہے جو بمشکل دو وقت کی روٹی کما رہے ہیں۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ ریاست مزدوروں کو صحت تعلیم کی مفت سہولیات فراہم کرے۔ مزدوروں کو روزگار بھی ملنا چاہیے اور روزگار کا تحفظ بھی۔ اس وقت کوئی شعبہ ایسا نہیں جہاں مزدوروں کا استحصال نہ ہو رہا ہو، دکھ اس بات کا ہے کہ مزدور کو انصاف مل رہا ہے اور نہ حقوق کا تحفظ ہی مل رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اب تو میڈیا کی انڈسٹری سے وابستہ مزدور کارکنان بھی تاریخ کے بدترین معاشی بحران اور استحصال کا شکار ہیں۔ میڈیا سے وابستہ کارکنان کو بھی ان کے حقوق ملنے چاہیے۔ زرعی شعبے سے وابستہ مزدوروں کو بھی ان کی محنت کا پورا معاوضہ اور حقوق ملنے چاہیے۔ کسی بھی انڈسٹری کو اس وقت تک کام کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے جب تک کہ وہ مزدوروں کے حقوق کو یقینی نہ بنائے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ ملک کی 40 فیصد سے زائد نہ خواندہ آبادی مزدروں کے بچوں پر مشتمل ہے۔ مزدوروں کے بچوں کو جدید تعلیم تو کیا واجبی تعلیم بھی میسر نہیں۔ انھوں نے کہا کہ ریاست مزدوروں کے بچوں کو مفت تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کرے۔ ڈیلی ویجزمزدوروں کی یومیہ اجرت میں اضافہ کیا جائے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top