غزوہ بدر سے تکبر کو شکست اور انسانیت کو تحفظ ملا: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا تقریب سے خطاب

مورخہ: 22 مئی 2019ء

چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے 17 رمضان المبارک معرکہ غزوہ بدر کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ غزوہ بدر سے تکبر کو شکست اور انسانیت کو تحفظ ملا، جنگ بدر کا پیغام ہے کہ صرف ایمان کی دولت کامیابی کی ضمانت ہے، اللہ کی مدد اور نصرت صرف ان کے لیے ہے جو حق کے راستے پر ہوں اور ثابت قدم ہوں، غزوہ بدر میں شامل اصحاب رسول ﷺ اللہ کے رسول کے حکم پر جان مال کی قربانی کے جذبہ سے سرشار تھے، اس معرکہ حق و باطل میں حق کا پرچم قیامت تک کے لیے سربلند ہو گیا۔

انہوں نے کہا کہ غزوہ بدر اہل ایمان کی فتح و کامیابی کا دن ہے، اس دن بڑے بڑے فرعونوں کے تکبر اور باطل نظریے کو شکست ہوئی، انہوں نے کہا کہ غزوہ بدر کی اہمیت تاریخ اسلام میں مسلمہ ہے، جنگ بدر میں اللہ کریم نے مومنین کو فتح عطاء فرمائی، آج بھی اگر ہم اسوہ رسول ﷺ پر عمل پیرا ہو جائیں تو فرشتے ہماری مددو نصرت کے لیے آسمانوں سے اتر سکتے ہیں، اللہ تعالیٰ نے یوم بدر کو یوم فرقان یعنی حق وباطل کے درمیان فرق کرنے والے دن کے نام سے تعبیر فرمایا ہے۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ اللہ سے غزوہ بدر میں شامل اصحاب رسول ﷺ کے ایمان جیسا ایمان مانگنا چاہیے، نامساعد حالات میں اللہ کے رسول ﷺ نے اپنے اصحاب کو دفاع کا حکم دیا اور کسی نے مال وزر اور اسباب جنگ و جدل کی کمی کے بارے میں سوال نہیں کیا، غزوہ بدر کے موقع پر اہل ایمان کے پاس سوائے ایمان اور یقین کی طاقت کے اور کچھ نہیں تھا اور یہی یقین کامیابی کی ضمانت بنا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top