عبدالستار ایدھی نے 7 دہائیاں انسانیت کی بے لوث خدمت کی: حافظ غلام فرید

اسلام محض عبادات نہیں خدمت خلق کا حکم دیتا ہے، امیر لاہور منہاج القرآن

لاہور (8 جولائی 2019ء) تحریک منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید نے کہا ہے کہ عبد الستار ایدھی نے انسانوں کی خدمت کو ہی اپنی زندگی کا مقصد بنایا، آج انہیں اس فانی دنیا سے رخصت ہوئے تین برس ہوگئے ہیں مگر ان کی دکھی انسانیت کےلئے خدمات ہر ذہن میں نقش ہیں۔ انہوں نے7دہائیوں تک انسانیت کی بلا تفریق خدمت کی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن لاہور کے زیر اہتمام عبدالستار ایدھی کی تیسری برسی کے موقع پر منعقدہ دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر عبد الستار ایدھی کے درجات کی بلندی کےلئے دعا بھی کی گئی۔

حافظ غلام فرید نے کہا کہ دین اسلام حقوق اللہ کے ساتھ ساتھ حقوق العباد کی ادائیگی پر بھی زور دیتا ہے۔ سورۃ بقرہ کی آیت 177 اسلامی عقائد، عبادات، معاشرتی فلاح و بہبود اور رفاح عامہ کا عالمگیر چارٹر ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے کہ’’ نیکی یہی نہیں کہ تم مشرق اور مغرب کی طرف اپنا منہ کر لو بلکہ نیکی تو یہ ہے کہ لوگ اللہ پر، یوم آخرت پر، فرشتوں پر کتابوں اور پیغمبروں پر ایمان لائیں اور اللہ کی محبت میں اپنا مال عزیزوں، یتیموں، مسکینوں، مسافروں اور سائلوں کو دیں ‘‘انسانی فلاح و بہبود کے اس چارٹر کے مطابق اصل نیکی اور بھلائی یہ ہے کہ انسان اپنا مال معاشرے کی فلاح و بہبود اور رفاحی کاموں پر خرچ کرے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام کی یہ اعلیٰ اقدار انسان کو ایثار قربانی اور بے لوث خدمت خلق پر آمادہ کرتی ہیں۔ عبدالستار ایدھی بھی ضرورت مندوں کے لئے ہر قسم کی قربانی دے کر روحانی خوشی محسوس کرتے تھے۔ انہوں نے کہاکہ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی زیر سرپرستی منہاج القرآن پاکستان سمیت دنیا بھر میں تعلیم، صحت اور مفاد عامہ کے لئے کوشاں ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری بلا تفریق رنگ و نسل و جنس و مذہب دکھی انسانیت کی خدمت کےلئے کوشاں ہیں اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے پلیٹ فارم سے انسانیت کی خدمت کی جا رہی ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top