شاندار تعلیمی کارکردگی والے طلبہ پاکستان کا محفوظ مستقبل ہیں: ڈاکٹر حسین محی الدین

منہاج ماڈل سکول کے طالبعلم عمیر کو فیصل آباد بورڈ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر مبارکباد
صدر منہاج القرآن نے صوبہ بھر کے پوزیشنز ہولڈرز کےلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا

لاہور (15 جولائی 2019ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے میٹرک کے سالانہ امتحانات میں منہاج ماڈل سکول گلفشاں کالونی فیصل آباد کے طالبعلم عمیر شاہد کو آرٹس (بوائز) میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے اور منہاج ماڈل سکول کالووال جہلم کے طالبعلم محمد ذکریا کو راولپنڈی بورڈ میں تیسری پوزیشن لینے پر مبارکباد دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے اس بات کی دلی خوشی ہے کہ منہاج ماڈل سکول کے طلباء و طالبات نے مختلف بورڈز میں امتیازی نمبروں کے ساتھ امتحان پاس کیا ہے جس پر منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کی مرکزی ٹیم اور صوبہ بھر کے منہاج ماڈل سکولز کا تدریسی عملہ اور محنتی طلبہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ منہاج ماڈل سکول بھوپانوالہ والا سیالکوٹ کے طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد نے 1 ہزار اور 9 سو سے زائد نمبر حاصل کر کے اپنے سکول اور والدین کا سر فخر سے بلند کیا اسی طرح پنجاب کے مختلف بورڈز میں منہاج ماڈل سکول کے طلبہ نے شاندار تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کے تعلیمی اداروں سے والدین جو توقعات وابستہ کرتے ہیں الحمدللہ ہم ان پر پورے اترتے ہیں کیونکہ تعلیم کی فراہمی کو ہم اپنا قومی و دینی فریضہ سمجھتے ہیں۔ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے صوبہ بھر کے منہاج ماڈل سکولز کی مثالی کارکردگی پر مینجنگ ڈائریکٹر راشد کلیامی اور انکی پوری ٹیم کو بھی مبارکباد دی ہے۔

صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے لاہور بورڈ سمیت صوبہ کے تمام بورڈز میں پوزیشنیں حاصل کرنیوالے دیگر سکولوں کے طلبہ اور طالبات کو بھی مبارکباد دی ہے اور ان کے آئندہ کے شاندار تعلیمی مستقبل کےلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دلجوئی اور احساس ذمہ داری کے ساتھ تعلیم حاصل کرنیوالے طلبہ و طالبات پاکستان کا محفوظ مستقبل اور سرمایہ ہیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top