منہاج القرآن اور ہلال احمر پاکستان کے مشترکہ تعاون سے خصوصی تقریب

”ایک انسان کی جان بچانا پوری انسانیت کی جان بچانا ہے“
ڈاکٹر طاہرالقادری اور منہاج القرآن انسانیت کی خدمت میں پیش پیش ہیں: ڈاکٹر نور الزمان
منہاج القرآن کے کارکنان نے خون کے عطیات دئیے، ڈاکٹر فوزیہ، بریگیڈیئر (ر) اقبال و دیگر کا خطاب

لاہور (23 جولائی 2019) ہلال احمر پاکستان اور منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مشترکہ تعاون سے مرکزی سیکرٹریٹ میں بلڈ کیمپ کااہتمام کیا گیا جس میں منہاج القرآن کے کارکنان نے خون کے عطیات دئیے، اس حوالے سے منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہلال احمر کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ نے کہا کہ تھلیسمیا کے ساڑھے پانچ سو بچے رجسٹرڈ ہیں، ایک کی جان بچانا انسانیت کی جان بچانا ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری اور ادارہ منہاج القرآن پوری دنیا میں انسانیت کی خدمت انجام دے رہے ہیں ہم ان کے عظیم انسانی کام میں ساتھ ہیں، منہاج القرآن کے تعاون سے بلڈ بینک کے قیام پر بریگیڈیئر (ر) اقبال احمدخان، جواد حامد، غسان جواد کے شکر گزار ہیں، خون دینے سے انسانی صحت پر کوئی مضر اثرات مرتب نہیں ہوتے، تھلیسمیا کے علاج اور روک تھام کے لئے پنجاب اسمبلی میں قانون سازی کی تجویز دے رکھی ہے، ہم اپنے جذبہ ایثار سے بیماریوں کو شکست دیں گے۔

ڈاکٹر نور الزمان نے کہا کہ پوری دنیا میں سب سے زیادہ ایکسیڈنٹ ہوتے ہیں، حادثات میں زیادہ تر اموات زیادہ خون بہہ جانے سے ہوتی ہیں، کوئی شخص سال میں چار بار خون دے سکتا ہے، تھلیسمیا کے مریض صرف خون ملنے سے زندہ رہتے ہیں، خون دینا ایک طرح کی جسم کی زکوۃ ہے، ہلال احمر ہروقت خدمت کے لیے دستیاب ہے۔

بریگیڈیئر ریٹائرڈ اقبال احمد خاں نے کہا کہ منہاج القرآن کے تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلبا خون دینے کی انسانی خدمت سے ناصرف آگاہ ہیں بلکہ وہ اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ بھی لیتے ہیں اور منہاج القرآن کے پلیٹ فارم بلڈ کیمپس منعقد ہوتے رہتے ہیں۔ ہر نوجوان بلڈ سکریننگ کروائے اور اسے اپنے بلڈ گروپ کا علم ہونا چاہیے۔

تقریب میں نائب ناظم اعلیٰ کوآرڈینیشن رفیق نجم، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن جواد حامد، غسان جواد، نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ، شہزاد رسول ودیگررہنماؤں نے شرکت کی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top