دنیا کشمیری عوام کی امن پسندی کی قدر کرے

مورخہ: 17 اگست 2019ء

مقبوضہ کشمیر میں کرفیو ختم، ہسپتال، تعلیمی ادارے کھولے جائیں: مذاکرہ
سلامتی کونسل کی طرف سے کشمیر کوبین الاقوامی مسئلہ قرار دینا حوصلہ افزا پیشرفت ہے
کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے زیر اہتمام ”کشمیر آج اور کل“ پر مذاکرہ
پروفیسر ڈاکٹر خان محمد ملک، ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی، ڈاکٹر زوہیر صدیقی کا خطاب
مذاکرہ میں ایک قرارداد کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں انٹرنیشنل میڈیا کو بھیجنے کا مطالبہ کیا گیا

لاہور (17اگست 2019ء) کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے زیر اہتمام ”مسئلہ کشمیر آج اور کل“ کے موضوع پر مذاکرہ ہوا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر خان محمد ملک نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے حالیہ واقعات اور اقدامات پر سوسائٹی کے دیگر طبقات کی طرح طلبہ میں بھی شدید اضطراب ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنا ہو گا۔ کشمیری عوام کے ساتھ ظلم بند نہ ہوا تو شدت پسندی کی نئی لہر جنم لے گی کیونکہ کشمیری نوجوان اپنی ماؤں، بہنوں کی بے حرمتی کب تک دیکھتے رہیں گے؟ انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کے مشاورتی اجلاس کے بعد مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی تنازع قرار دینا سفارتی سطح پر حوصلہ افزا پیشرفت ہے تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ سلامتی کونسل کے ممبر ممالک بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں کرفیو ختم کرنے اور شہری زندگی کو معمول پر لانے کا حکم دیں اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں اس ضمن میں اپنا کردار ادا کریں۔

فکری نشست سے ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی، ڈاکٹر زوہیر صدیقی، ڈاکٹر شفاقت الاظہری، ڈاکٹر فیض اللہ بغدادی، محب اللہ اظہر ے اظہار خیال کیا۔ ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی نے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے طلباء کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام نے حق خودارادیت کی جدوجہد کو قانونی دائرے میں رہتے ہوئے لڑا اور کبھی تشدد کا راستہ اختیارنہیں کیا، دنیا کو کشمیری عوام کی امن اور قانون پسندی کی قدر کرنی چاہیے اور انہیں ان کا حق دینا چاہیے۔ اجلاس کے اختتام پر ایک قرارداد کے ذریعے مطالبہ کیا گیا کہ کشمیر میں بلاتاخیر کرفیو ختم کیاجائے، کشمیری قیادت کو رہا کیا جائے، ہسپتال اور تعلیمی ادارے کھولے جائیں اور اقوام متحدہ فوری طور پر مقبوضہ کشمیر کے زمینی حقائق کے جائزہ کے لیے فیکٹ فائنڈنگ مشن بھیجے اور بین الاقوامی میڈیا کو مقبوضہ وادی میں بلاروک ٹوک آنے کی اجازت ملنی چاہیے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top