ڈاکٹر طاہرالقادری سے گلاسگو میں کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے سکالرز کی ملاقات

مورخہ: 20 اگست 2019ء

بیرون ملک مقیم مختلف شعبہ جات کے سکالرز وطن عزیز کی خوشحالی کیلئے کردار ادا کریں:ڈاکٹر طاہرالقادری
بین الاقوامی شہرت یافتہ ”Amazon“ کی طرف سے فری ہوم ڈلیوری کی آفر کیساتھ قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی فروخت

لاہور (20 اگست 2019) قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم مختلف شعبہ جات کے ایکسپرٹس پاکستانیوں کی وطن عزیز کو بڑی ضرورت ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانی، ڈاکٹرز، انجینئرز، سکالرز اپنی ذمہ داریاں انجام دینے کے ساتھ ساتھ وطن عزیز کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں، ہر پاکستانی شہری پر پہلا حق اس کے اپنے وطن اور اس کے عوام کا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلاسکو میں کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز اور منہاج یونیورسٹی لاہور کے فارغ التحصیل سکالرز (منہاجینز) جو برطانیہ اور یورپ کے مختلف ممالک میں پیشہ وارانہ خدمات انجام دے رہے ہیں سے خصوصی ملاقات کے موقع پر کیا، اس موقع پر چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ امت محمدی ﷺ اس اعتبار سے بلند تر مقام والی امت ہے کہ اس امت کے ذمہ انبیاء والا کام سونپا گیا ہے، امت محمدیﷺ کا ہر فرد قرآن کا سفیر ہے اور قرآن کے امن و محبت اور رواداری پر مبنی آفاقی پیغام کو دنیا کے کونے کونے تک پہنچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

دریں اثناء قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے تالیف کردہ قرآنی انسائیکلوپیڈیا کے انگریزی ورژن کی برطانیہ اور یورپ میں بے حد پذیرائی پر ”Amazon“ نے دنیا بھر میں اپنے آن لائن کسٹمرز کیلئے اسے فروخت کیلئے پیش کیا ہے۔ ”Amazon“ نے 50 فی صد ڈسکاؤنٹ فری ہوم ڈلیوری کی آفر دی ہے، قرآنی انسائیکلوپیڈیا کے انگریزی ورژن کی تقریب رونمائی 4 اگست کو مانچسٹر میں ہوئی۔ برطانیہ، یورپ، نارتھ امریکہ سے ہزاروں افراد شریک ہوئے اور اس قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی تقریب رونمائی کو برطانوی میڈیا نے نمایاں کوریج دی۔ دی سنڈے ٹائمز، ایشین وائس اور دی ٹائمز نے قرانک انسائیکلوپیڈیا کی تالیف، موضوعات کے حوالے سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے خصوصی انٹرویوز شائع کئے جن کی اشاعت کے بعد برطانیہ اور یورپ کے طول و ارض سے قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی ڈیمانڈ میں اضافہ ہوا، اس وقت برطانیہ کی عوامی لائبریریوں کیلئے 8 جلدوں پر مشتمل قرآنی انسائیکلوپیڈیا کے سینکڑوں سیٹ خریدے جا چکے ہیں۔

منہاج القرآن کے میڈیا ڈائریکٹر نوراللہ صدیقی نے کہا کہ قرآنی موضوعات پر یہ اب تک کا جامع انسائیکلوپیڈیا ہے جو 5 ہزار موضوعات اور 7 ہزار صفحات پر مشتمل ہے۔ یہ انسائیکلوپیڈیا پہلے اردو زبان میں تالیف کیا گیا جس کی پاکستان بھر کے بڑے شہر وں میں تقاریب رونمائی ہوئیں اور اس کے ہزاروں سیٹ خریدے گئے۔ انسائیکلوپیڈیا نے عام پڑھے لکھے شہری کی قرآن مجید کے موضوعات تک رسائی آسان بنائی ہے۔ انہوں نے بتایا ”دی سنڈے ٹائمز“ نے اپنی 18 اگست کی اشاعت میں قرآن کو امن کا پیغام قرار دیا۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کاوشوں سے الحمدللہ قرآن مجید کا امن و محبت اور رواداری والا پیغام دنیا کے کونے کونے میں پہنچ رہا ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top