حضرت امام حسین علیہ السلام عدل و انصاف اور حریت و آزادی کے علمبردار تھے: رفیق نجم

حضرت امام حسین علیہ السلام نے کربلا میں امن پسندی، اعتدال پسندی اور اخلاقی قدروں کو قیامت تک زندہ کر دیا
امن، اعتدال اور اخلاق دین اسلام کی بنیادی تعلیمات ہیں:نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن

لاہور (یکم ستمبر2019) نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن انجینئر محمد رفیق نجم نے کہا ہے کہ نواسہ رسولﷺ حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے اہل بیت نے کربلا میں جانوں کا نذرانہ دے کر احترام انسانیت کو بقاء اور دین مصطفی ﷺ کی اصل روح کا تحفظ کیا، حضرت امام حسین علیہ السلام کی قربانی سے اسلام کے نظام مشاورت کو دوام ملا، مظلوموں کو قیامت تک ظالموں کے خلاف آواز حق بلند کرنے کے لیے حوصلہ ملا، محکوموں کو اپنے حقوق کی جنگ لڑنے کا درس ملا، ظلم و جبر پر مبنی نظام کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کا جذبہ ملا، حضرت امام حسین علیہ السلام نے کربلا میں امن پسندی، اعتدال پسندی اور اخلاقی قدروں کو قیامت تک زندہ کر دیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منہاج القرآن یوتھ لیگ کے رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انجینئر محمد رفیق نجم نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام دین اسلام،عدل و انصاف اور حریت و آزادی کے علمبردار تھے جبکہ جہالت، ناخواندگی اور ناانصافی کا استعارہ یزید ہے، انہوں نے کہا کہ حسینیت امن پسندی کا نام ہے جبکہ یزیدیت دہشت گردی کا نام ہے، آج ہمیں امن و سلامتی،برداشت، رواداری،اخوت و بھائی چارے کی راہ پر چلنا ہے تو حضرت امام حسین علیہ السلام کے بتائے ہوئے راستے پر چلنا ہوگا، امن، اعتدال اور اخلاق دین اسلام کی بنیادی تعلیمات ہیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top