اخروی نجات، ایمان کی سلامتی اہل بیت اطہار کی محبت میں ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری

اللہ ہمیں حق کیلئے قربانی دینے والا حسینی جذبہ عطا کرے۔ قائد تحریک منہاج القرآن
اللہ کی راہ میں ملنے والی موت، موت نہیں بلکہ حیات ابدی ہے، حسین حق یزید جھوٹ تھا

Dr Tahir ul Qadri message on Muharram

لاہور (9 ستمبر 2019) قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ حسین حق یزید جھوٹ تھا۔ واقعہ کربلا حق اور باطل کا معرکہ تھا، اہل بیت اطہار (علیہم السلام) کے مقدس خون نے قیامت تک کیلئے یزیدیت کو گالی بنا دیا۔ سیدنا امام حسین علیہ السلام نے جان کا نذرانہ پیش کرکے قیامت تک کے لیے ظلم، فسق فجور، حرص و ہوس اور فسطائیت کے سامنے نہ جھکنے کا پیغام دیا۔ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا جس نے حسن علیہ السلام و حسین علیہ السلام سے محبت کی اس سے میں محبت کروں گا، امام عالی مقام سیدنا امام حسین ابن علی علیہ السلام نے گردن کٹوا لی مگر فاشسٹ، یزیدی نظام حکومت کو قبول نہیں کیا، اور تاریخ عالم کی عظیم قربانیاں دیکر دین مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا پرچم قیامت تک کے لیے سربلند کیا۔

انہوں نے کہا کہ اخروی نجات، ایمان کی سلامتی اہل بیت اطہار سے محبت میں ہے۔ حضور نبی اکرم ﷺ کا فرمان ہے جو قرآن اور میری عترت (آل) کو تھام کر رکھے گا کبھی گمراہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کی راہ میں ملنے والی موت، موت نہیں بلکہ حیات ابدی اور اللہ رب العزت کا بیش بہا انعام ہے، ہر کوئی اس عظیم نعمت کا مستحق نہیں ٹھہرایا جاتا، انہوں نے کہا کہ یوں تو ہر دور میں پیغمبران حق، اولیائے اللہ نے اللہ کی رضا اور خوشنودی کے لیے ظالم کا ہاتھ پکڑا، کلمہ حق بلند کیا، جانوں کے نذرانے پیش کیے مگر جوقبولیت اور عالمگیریت شہدائے کربلا کے حصے میں آئی کسی اور کو نصیب نہ ہو سکی۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا ظہور پذیر ہونے والا اچانک سانحہ نہیں ہے، عالم انسانیت کے اس دلخراش سانحہ کے بارے میں اللہ عالم الغیب نے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو واقعہ کربلا کی جزئیات تک وحی کردی تھیں، جید صحابہ بھی اس بارے میں آگاہ تھے۔ انھوں نے کہا کہ اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ وہ ہمیں من حیث القوم ظلم پر خاموش رہنے والے ’’کوفی‘‘ طرز عمل کو ترک کرنے اور حق کیلئے سب کچھ لٹا دینے کا حسینی جذبہ عطا فرمائے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top