ڈاکٹر حسن محی الدین کا تنظیمی دورہ ہالینڈ، اسلامک سنٹر کا افتتاح کیا

تحریک منہاج القرآن نوجوانوں کو علم اور تقویٰ کے راستہ پر چلا رہی ہے: چیئرمین سپریم کونسل
عالم اسلام کی پائیدار ترقی علم و ہنر اور جدید ٹیکنالوجی کے حصول میں ہے: خطاب

لاہور (25 نومبر 2019ء) منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے تنظیمی دورہ ہالینڈ کے موقع پر پاکستانی کمیونٹی اور تحریک منہاج القرآن کے ذمہ داران اور کارکنان کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام پرامن دین اور ضابطہ حیات ہے، اسلام خواتین، کمزوروں، اقلیتوں کے حقوق کا محافظ ہے، کسی مسلمان کا اس وقت تک ایمان مکمل نہیں ہوتا جب تک وہ اللہ کے بھیجے گئے تمام پیغمبروں اور کتب پر ایمان نہ لائے، اسلام تمام مذاہب کے احترام کی تعلیم دیتا ہے، مذہب کے نام پر نفرت، انتشار اور تضحیک سے کام لینے والے امن اور انسانیت کے دشمن ہیں۔ ایسے دشمنوں کو کوئی ملک اور معاشرہ قبول نہیں کرتا۔

اجلاس میں یورپ کے صدر ظل حسن اور ہالینڈ تنظیم کے سینئر رہنماؤں تسنیم صادق، عمر مرزا، حافظ ذیشان، حافظ یاسر، خالدمحمود و یگررہنماؤں نے شرکت کی، ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے ہالینڈ ہیگ میں منہاج القرآن کے اسلامک سنٹر کا افتتاح بھی کیا۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اپنے خطاب میں کہاکہ عالم اسلام کی پائیدار ترقی علم وہنر اور جدید ٹیکنالوجی کے حصول میں ہے، ترقی یافتہ اقوام کی ترقی سے استفادہ کرنے میں کوئی مضائقہ نہیں ہے بلکہ امت مسلمہ کے افراد کھلے دل اور کھلے دماغ کے ساتھ اپنے آپ کو علم و ہنر کی ترقی کے مراکز سے ہم آہنگ کریں، یہی اسلام کی تعلیم اور اسی میں بقاء اور بھلائی ہے، انہوں نے کہا کہ جس طرح مغربی دنیا نے عالم اسلام کی ممتاز شخصیات کے علمی شہ پاروں اور تحقیق و تعلیم سے استفادہ کیا اور اپنے علمی ذخیرے میں اضافہ کیا، اسی طرح اب عالم اسلام کو بھی چاہیے کہ وہ اپنی علمی میراث سے جڑ جائیں اور حکمت کے موتی جہاں سے ملیں انہیں چن لیں۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن اسلام کی نشاۃ ثانیہ اور امت کے نوجوانوں کو علم، حلم اور تقویٰ کے راستہ پر چلانے کے لیے عالمگیر مساعی بروئے کار لارہی ہے، انہوں نے کہا کہ یوتھ عالم اسلام کی سب سے بڑی طاقت ہے، ہمیں اس طاقت کو انتہا پسندی، دہشتگردی، تنگ نظری، لاعلمی کے اندھیروں سے نکال کر علم، رواداری اور تقویٰ کے سفر پر گامزن کرنا ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top