پی یو جے کے زیراہتمام ’’محمد الرسول اللہ ﷺ ‘‘ کانفرنس کا انعقاد

منہاج القرآن، جامعۃ المنتظر، جماعت اسلامی کے سکالرز نے خطاب کیا
مقررین نے کتاب ہدایت کو سیکھنے، سمجھنے اور عمل کرنے کی فضیلت کو بیان کیا
کانفرنس میں مسلم سکالرز سمیت مسیحی و سکھ رہنماؤں نے بھی شرکت کی
کانفرنس سے پروفیسر عین الحق بغدادی، علامہ سبطین، ڈاکٹر فرید پراچہ، حسین اکبر، قاسم نواز کاخطاب

لاہور (9 دسمبر 2019ء) پی یو جے کے زیر اہتمام ’’محمد الرسول اللہ ﷺ ‘‘ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس سے منہاج القرآن، جامعۃ المنتظر، جماعت اسلامی کے سکالرز نے خطاب کیا۔ کانفرنس میں مسلم سکالرز کے علاوہ مسیحی و سکھ رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ کانفرنس کا انعقاد پی یو جے کے دفتر کے سامنے دیال سنگھ مینشن مال روڈ لاہور پر ہوا۔ کانفرنس کا انعقاد تحریک منہاج القرآن اور پنجاب یونین آف جرنلسٹس کے مشترکہ تعاون سے ہوا۔

کانفرنس سے منہاج القرآن کے پروفیسر عین الحق بغدادی، جامعتہ المنتظر کے سینئر عہدیدار علامہ سبطین، مذہبی سکالر حسین اکبر اور جماعت اسلامی کے رہنما فرید پراچہ، مذہبی رہنما علامہ قاسم نواز نے خطاب کیا۔ مقررین نے کتاب ہدایت کو سمجھنے، سیکھنے اور عمل کرنے کی فضیلت کو بیان کیا۔

پروفیسر عین الحق بغدادی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برائی سے بچنا اور برائی سے روکنا یہ ہر کلمہ گو مسلمان پر فرض ہے، اسلام نے امر بالمعروف و نہی المنکر کا ایک جامع تصور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بری خبر پھیلانا بھی ایک برائی ہے، قرآن مجید کا حکم ہے کہ آنکھیں بند کر کے غیر مصدقہ خبریں دوسروں تک مت پہنچائیں۔

علامہ سبطین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کی تعلیمات آسان اور قابل فہم ہیں، جو بھی اس پر تدبر کرے گا مطالب و مفاہیم اس پر منکشف ہوتے چلے جائیں گے۔ بطور مسلمان ہ میں قرآن مجید کا مطالعہ اپنے معمولات زندگی میں شامل کرنا چاہیے۔

جماعت اسلامی کے سینئر رہنما ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہا کہ محمدالرسول اللہ ﷺ کانفرنس ایک شاندار کاوش ہے، اسلام اور قرآن مجید کے حوالے سے پائی جانے والی غلط فہمیوں کے ازالے کے لیے اس طرح کی کانفرنسز منعقد ہوتی رہنی چاہئیں۔

سٹیج سیکرٹری کے فرائض ندیم حیدر نے انجام دئیے۔ انہوں نے کانفرنس میں شرکت کرنے پر تمام جماعتوں اور سماجی، صحافتی تنظیموں کے رہنماؤں اور سینئر صحافیوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کانفرنس کے انعقاد کے حوالے سے تحریک منہاج القرآن کے خصوصی تعاون پر بھی شکریہ ادا کیا۔ کانفرنس میں پی ایف یو جے کے مرکزی سیکرٹری جنرل رانا عظیم، پی یو جے کے صدر شہزاد حسین بٹ، سینئر صحافیوں ایثار رانا، نور حسن رانا، نعیم مصطفی، بابر ڈوگر، قاضی طارق، امجد اقبال، میاں شاہد، عبدالحفیظ چودھری، ندیم رضا و دیگرنے شرکت کی۔ کانفرنس میں سکھ برادری کے رہنما سردار سکندر سنگھ اور مسیح برادری سے جیکولین ٹریسر نے شرکت کی اور کانفرنس کو بین المذاہب ہم آہنگی اور احترام کے ضمن میں سنگ میل قرار دیا، اقلیتی رہنماؤں نے کہا کہ دنیا کا کوئی مذہب کسی دوسرے کی مذہبی کتابوں کی توہین کی اجازت نہیں دیتا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top