منہاج القرآن ویمن لیگ کے 31 ویں یوم تاسیس پر عزم آہن، جہد مسلسل، عمل پیہم کے عنوان سے تقاریب منعقد کی گئیں

قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ملک بھر کی عہدیدار و کارکنان خواتین کو مبارکباد
مسلمان عورت سیدہ کائنات سلام اللہ علیہا کی سیرت پاک کو اپنا کردار بنا لے تو معاشرہ مثالی بن جائے گا: فرح ناز
منہاج القرآن ویمن لیگ سلامتی اور امن کا استعارہ بن کر کام کررہی ہے: سدرہ کرامت
مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقدہ مرکزی تقریب سے ڈاکٹر شاہدہ نعمانی، نورین علوی، انیلہ الیاس و دیگر کا خطاب
تقریب کے اختتام پر یوم تاسیس کا کیک بھی کاٹا گیا اور شہدائے ماڈل ٹاؤن کے درجات کی بلندی کےلئے دعا کی گئی

Dr Tahir ul Qadri congratulated Minhaj ul Quran Women League on Foundation Day 2020

لاہور (5 جنوری 2020ء) منہاج القرآن ویمن لیگ کے 31 ویں یوم تاسیس کے موقع پر قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ملک بھر کی عہدیدار و کارکنان خواتین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ویمن لیگ کی غیور بیٹیوں نے تعلیم، تربیت اور انسانی خدمت کے شعبوں میں قابل فخر خدمات انجام دیں۔ ویمن لیگ کی خواتین نے تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ ظالم نظام اور سماجی برائیوں کے خلاف بھی عملی جدوجہد کرنے کاحق ادا کیا۔

Minhaj ul Quran Women League Foundation Day celebrated

منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام 31ویں یوم تاسیس کی خصوصی تقریب مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوئی جس سے مرکزی صدر فرح ناز، مرکزی ناظمہ سدرہ کرامت، ڈاکٹر شاہدہ نعمانی، عائشہ مبشر، ارشاد اقبال، انیلہ الیاس، ام حبیبہ، جویریہ وحید، ایمن یوسف، ام کلثوم، نورین علوی، آمنہ بتول، ثمرین، کلثوم مدثر، اقرا مبین، انیس فاطمہ نے خطاب کیا۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کے31 ویں یوم تاسیس پر منعقدہ تقریب میں مرکزی و ضلعی عہدیداران نے بھی شرکت کی۔ 31 ویں یوم تاسیس کی تقاریب پاکستان سمیت دنیا بھر میں عزم آہن، جہد مسلسل، عمل پیہم کے عنوان سے منعقد کی گئیں۔

Minhaj ul Quran Women League Foundation Day celebrated

ماڈل ٹاؤن میں منعقدہ مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر فرح ناز نے کہا کہ مسلمان عورت سیدہ کائنات سلام اللہ علیہا کی سیرت پاک کو اپنا کردار بنا لے تو معاشرہ مثالی بن جائے گا۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کی کامیابی کا راز اخلاص اور مجاہدے میں ہے۔ بہترین وظیفہ درود و سلام ہے۔ قرآن کریم کی تلاوت کر کے رہنمائی حاصل کرنی چاہیے۔ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کے حقوق کے تحفظ کےلئے امت مسلمہ کی بیٹیوں کو منہاج القرآن ویمن لیگ کا پلیٹ فارم عطا کیا۔ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے 30 برس قبل منہاج القرآن ویمن لیگ کی بنیاد رکھ کر امت کی کروڑوں بہنوں کو ایسا پلیٹ فارم دے دیا ہے جہاں سے وہ دین کی سربلندی کیلئے مؤثر کردار ادا کرسکتی ہیں۔ فرح ناز نے کہا کہ جب تک ایوانوں میں بیٹھی منتخب خواتین جماعت اور ذات سے بالا ہو کر اپنا آئینی، قانونی کردار ادا نہیں کریں گی خواتین کے مسائل حل ہونگے اور نہ انہیں حقوق مل سکیں گے۔

مرکزی ناظمہ سدرہ کرامت نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن پوری امت کی نمائندہ دائمی تحریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ عورت اپنے مقام کو خودی کے دائرے میں رہ کر پہچانے، اسکا زیور سونا اور چاندی نہیں بلکہ حیاء ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج فرقہ وارانہ منافرت کو ذہنوں سے کھرچ کر عشق مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو روح کی پاتال میں اتارنا ہو گا۔ آج منہاج القرآن ویمن لیگ کامیابی کی اس منزل پر کھڑی ہے کہ اس کا پیغام دنیا کے پانچ براعظموں تک پہنچ چکا ہے اور لاکھوں خواتین منہاج القرآن ویمن لیگ کے ساتھ وابستہ ہو کر دین مبین کی خدمت کا فریضہ سر انجام دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ سلامتی اور امن کا استعارہ بن کر کام کررہی ہے۔

ڈاکٹر شاہدہ نعمانی، عائشہ مبشر، نورین علوی، انیلہ الیاس نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ منہاج القرآن ویمن لیگ کردار زہرہ رضی اللہ عنہا، جرآت زینب رضی اللہ عنہا اور حکمت عائشہ رضی اللہ عنہا کی امین ہے اور موجودہ دور میں حسینیت کا شعور بیدار کر رہی ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سرپرستی میں تجدید و احیائے دین کیلئے اس کی خدمات سنہرے حروف سے لکھی جائیں گی۔ علم کے نور سے ظاہر و باطن کو بدلنے کی جدوجہد ہی معاشرے میں مثبت تبدیلی لاسکتی ہے۔ اس کیلئے خواتین کو کلیدی کردار ادا کرنا ہے۔ علم سے عمل اور عمل سے سلامتی اور امن کی خوشبو پھیلتی ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے معاشرے میں تبدیلی کیلئے جو ویژن دیا ہے اس میں عورت کو مرکزی کردار حاصل ہے اور منہاج القرآن ویمن لیگ دین مبین کی زریں اقدار کے فروغ کیلئے ان کی رہنمائی میں انتہائی اہم کردار ادا کر رہی ہے اور پوری دنیا میں حقیقی اسلامی تعلیمات فروغ پارہی ہیں۔ یوم تاسیس کی تقریب میں شہدائے ماڈل ٹاؤن کے درجات کی بلندی کےلئے دعا کی گئی، سانحہ ماڈل ٹاؤن میں شہید ہونیوالی شازیہ مرتضیٰ اور تنزیلہ امجد کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ تقریب کے اختتام پر یوم تاسیس کا کیک بھی کاٹا گیا۔

Minhaj ul Quran Women League Foundation Day celebrated

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top