انسانیت کا احترام اور ادب اللہ کو بہت پسند ہے: ڈاکٹر حسین محی الدین قادری

مورخہ: 18 مئی 2020ء

صدر منہاج القرآن کا ایم ایس ایم کے آن لائن تربیتی سیشن ’’التربیہ‘‘ سے خطاب
صدر عرفان یوسف، ضلج انقلابی، احسان سنبل، فراز ہاشمی و دیگر رہنماؤں کی شرکت

لاہور(18 مئی 2020) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام ’’التربیہ‘‘ آن لائن ٹریننگ کے 23 ویں سیشن سے ’’اللہ کے لیے محبت‘‘کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ خیر کے کاموں میں اللہ کو جو کام سب سے زیادہ پسند ہے وہ انسانیت سے محبت ہے۔ دوسروں کے ادب و احترام سے انسان کو بلند مقام و مرتبہ عطا ہوتا ہے۔ احترام کی اس درجہ بندی میں استاد سر فہرست ہے۔ کوئی دین یا روحانیت کے رموز بتائے یا دنیاوی علوم و فنون سے بہرہ مند کرے اسکی دل و جان سے عزت کی جائے۔ آج کی نوجوان نسل کی زبوں حالی اور فرسٹریشن کی ایک بڑی وجہ ادب اور تربیت سے دامن کا خالی ہونا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے جو عبادات فرض کی ہیں ان میں کچھ کا اجر و ثواب زیادہ کچھ کا کم ہے مگر استاد کی عزت و توقیر کرنا بہت عالی مرتبت عمل ہے اور یہ اونچے درجے کے خیر کا کام ہے۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ فی زمانہ تحریک منہاج القرآن اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو اللہ نے یہ توفیق بخشی ہے کہ نوجوانوں کو علم کے ساتھ ساتھ ادب اور تربیت کی اہمیت سے بھی روشناس کروایا جاتا ہے۔ یہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تربیت کا ہی نتیجہ ہے کہ ظالم نظام کے خلاف لاکھوں کارکن بھی سڑکوں پر آئیں تو نہ پتہ ٹوٹتا ہے اور نہ کوئی گملہ۔ 17 جون 2014 کا دن جو پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔ 14بے گناہوں کو دن دیہاڑے قتل کر دیا گیا لیکن ا س کھلی بربریت اور دہشتگردی کے باوجود کسی کارکن نے قانون ہاتھ میں نہیں لیا کیونکہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے نوجوانوں کوصرف علم، امن، ادب اور قانون کے احترام کا درس دیا ہے۔

تربیتی سیشن میں چوہدری عرفان یوسف مرکزی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ، چوہدری ضلج انقلابی سیکرٹری جنرل مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ، احسان سنبل، سید فراز ہاشمی، محب مجید، حیدر مصطفٰی، سید بلال حسن، قاضی احسن، میر احسن، نثار احمد، عمران بھٹی، علی قریشی سمیت سینکڑوں ذمہ داران آن لائن شرکت کی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top