حج امت کے اتحاد اور وحدت کی علامت ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری

خطبہ حجۃ الوداع کا ایک ایک حرف دین اور دنیا کی کامیابی کا ضامن ہے
آپ ﷺ نے فرمایا کسی کا ناحق مال نہ کھاؤ اور خواتین کا احترام کرو

لاہور (29 جولائی 2020ء) قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ملت اسلامیہ کو حج کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ حج شعائر اسلام کا ایک عظیم رکن، امت کے اتحاد اور وحدت کی علامت ہے، مناسک حج سے مساوات، رواداری، اعتدال، امن و آشتی کے عظیم انسانی جذبات پروان چڑھتے ہیں، انہوں نے کہا کہ حج اور قربانی یہ حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتے ہیں، انہوں نے کہا کہ امسال کورونا وائرس کی وباء کی وجہ سے محدود تعداد میں لوگ حج کی سعادت حاصل کر سکے، دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ حج کی عظیم عبادت کے صدقے ملت اسلامیہ کو بحرانوں سے نکالے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 9 ذی الحجہ کو حضور نبی اکرم ﷺ نے جو خطبہ فرمایا وہ ایمان کی روح ہے، حضور نبی اکرم ﷺ نے خطبہ حج کے موقع پر قیامت تک کے مسلمانوں کے لئے جن اخلاقی اور روحانی تعلیمات سے بہرہ مند فرمایا اس کے ایک ایک حرف پر اگر ان تعلیمات کی روح کے مطابق عمل کر لیا جائے تو دین اور دنیا کی زندگی سنور جائے۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ نے خطبہ حج کے موقع پر فرمایا جس کا مفہوم ہے کہ ناحق کسی کا مال نہ کھاؤ، کسی کو نقصان نہ پہنچاؤ، سود سے بچو، خواتین کا احترام کرو، دوسروں کے جان و مال اور عزت و آبرو کی حفاظت کرو، یہ سب آپ کے لئے محترم و مکرم ہے، انہوں نے کہا کہ خطبہ حج کا ایک ایک حرف انسانیت کا منشورہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top