شیخ الاسلام کا ”عقیدہ اہلسنت اور مقام سیدہ کائنات سلام اللہ علیہا و شان صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کانفرنس“ سے خطاب

مورخہ: 05 اگست 2020ء

تحریک منہاج القرآن لاہور اور انٹرنیشنل نعت کونسل کے اشتراک سے 5 اگست 2020 کو درگاہ عالیہ وارثیہ علامہ اقبال ٹاؤن پر ”عقیدہ اہلسنت اور مقام سیدہ کائنات سلام اللہ علیہا و شان صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کانفرنس“ منعقد ہوئی جس میں بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے فکر انگیز خطاب کیا۔ کانفرنس کے میزبان معروف روحانی شخصیت صاحبزادہ پیر سید حسنین محبوب گیلانی قادری، چیف آرگنائزر الحاج امحمد افضل نوشاہی اور آرگنائزر شہزاد حنیف مدنی، قاری محمد یونس قادری، الحاج محمد خلیل ملک تھے۔ کانفرنس میں صوبائی وزیر مذہبی امور پیر سید سعید الحسن شاہ، پیر سید ریاض الحسن شاہ، پیر سید ظفر اقبال شاہ (علی پور سیداں)، خواجہ معین الدین کوریجہ (کوٹ مٹھن شریف)، عمران شاہ ولی (دائم حضوری)، پیر شمیم صابری، ڈاکٹر طاہر رضا بخاری، حبیب عرفانی (سندر شریف)، شہزاد احمد مجددی، مفتی محمد رمضان سیالوی، پیر شمس الرحمن مشہدی، ڈاکٹر راغب نعیمی، علامہ میر محمد آصف اکبر سمیت مشائخ عظام اور جید علمائے کرام، اہم سیاسی، مذہبی اور سماجی شخصیات شریک تھیں۔ پاکستان کے معروف قرأ و نعت خواں قاری شہباز قمر فریدی، پروفیسر عبدالرؤف روفی، الحاج محمد افضل نوشاہی، الحاج اختر حسین قریشی، و دیگر شرکت کرکے بارگاہ رسالت مآب ﷺ میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ اچھے لوگ تین طبقات میں تقسیم ہوتے ہیں؛ ایک وہ جو حق کے طالب ہوتے ہیں، دوسرے وہ جو حق کے مبلغ ہوتے ہیں اور تیسرا طبقہ وہ لوگ ہوتے ہیں جو پیکرِ حق ہوتے ہیں اور حق کا معیار بنتے ہیں۔ اسی لیے اللہ تعالیٰ نے ہدایت مانگنے کا جو طریقہ سکھایا اس میں ہدایت یافتہ بندوں کی راہ طلب کی جاتی ہے۔ سیدہ فاطمہ سلام اللہ علیہا اور سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ انہی بندوں میں سے ہیں جن کا وجود حق کا پیکر ہے۔ شیخ الاسلام کا مزید کہنا تھا کہ جب قرآن مجید نے حق کا پیمانہ سیدۂ کائنات سلام اللہ علیہا اور سیدنا صدیق اکبر کو بنا دیا ہے تو مرتبۂ حق سے تھوڑا سا ہلکا لفظ ادا کرنا بھی خلافِ ادب ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیدہ کائنات کی ذات حق ہے، جہاں حق ہو ہاں خطا نہیں ہو سکتی۔ اللہ نے آیت تطہیر کے ذریعے اہل بیت کو ہر قسم کی معصیت سے پاک کر دیا۔ سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہا کی صحابیت نص قرآنی سے ثابت ہے۔ عقیدہ اہل سنت حُب اہل بیت اور تعظیم صحابہ کے مجموعے کا نام ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ نے فرمایا یا اللہ جس طرف علی جائے حق کو اس طرف پھیر دے، حق حق کے پیچھے چلتا ہے خطا کے پیچھے نہیں۔

کانفرنس کے اختتام پر عالمی امن، اتحاد امت اور ملک پاکستان میں امن و امان کیلئے خصوصی دعا بھی کی جائیگی۔

شیخ الاسلام کا مکمل خطاب

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top