منہاج القرآن کے 40ویں یوم تاسیس پر معروف سیاسی، سماجی، مذہبی، صحافتی شخصیات کے تہنیتی پیغامات

تحریک منہاج القرآن کے 40ویں یوم تاسیس کے موقع پر گورنر پنجاب چودھری محمد سرور، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی، سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی، سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں منظور احمد وٹو، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد، صوبائی وزراء سید صمصام بخاری، سید سعید الحسن شاہ، ایس ایم ظفر، عثمان پیر زادہ، خلیل الرحمان قمر، مولانا راغب نعیمی، علامہ امین شہیدی، ابرارالحق، مجیب الرحمن شامی، اوریا مقبول جان، حسن نثار، مبشر لقمان، ارشاد عارف و دیگر سیاسی، سماجی، مذہبی، صحافتی شخصیات نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو یوم تاسیس پر مبارکباد دی ہے اور اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے یوم تاسیس پر خصوصی مبارکبادی پیغامات ارسال کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ منہاج القرآن علم، امن، تحقیق، اصلاح اور شعور و آگہی کے فروغ کی تحریک ہے۔ 40 سال کا ہر دن امن، محبت، اعتدال اور رواداری کے فروغ کیلئے جدوجہد کی ہے۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے 40 ویں یوم تاسیس کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ میں تحریک منہاج القرآن کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری، عہدیداران، رفقاء اور سو سے زائد ممالک میں موجود کارکنان کو 40 ویں یوم تاسیس پر مبارکباد دیتا ہوں۔ تحریک منہاج القرآن نے اپنے 40 سالہ سفر کے دوران علم، امن اور تحقیق پر مبنی قرآن و سنت کی حقیقی تعلیمات کے فروغ کے ساتھ ساتھ تعلیم و تربیت کے شعبے میں قابل فخر انسانی خدمات انجام دی ہیں۔

سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی نے اپنے پیغام میں 40 ویں یوم تاسیس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن نے مسلک سے بالاتر ہو کر قرآن و سنت کی خدمت کی ہے۔ منہاج القرآن کی تعلیم کے فروغ اور دین اسلام کی ترویج و اشاعت کیلئے خدمات ہر اعتبار سے مثالی ہیں۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری مبارکباد کے مستحق ہیں کہ جن کے قائم کئے گئے اس ادارے سے لاکھوں لوگ مستفید ہو رہے ہیں۔

سابق وزیراعظم پاکستان سید یوسف رضا گیلانی نے اپنے پیغام میں 40 ویں یوم تاسیس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن نے اسلام کے امن، محبت اور بھائی چارے کے پیغام کو فروغ دیا ہے۔ 100 ممالک میں قائم منہاج القرآن کا وسیع اور منظم نیٹ ورک اس بات کی دلیل ہے کہ تحریک منہاج القرآن کا بیانیہ دلیل اور قرآن و سنت کی حقیقی تعلیمات پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تحریک اسلام، پاکستان اور انسانیت کی خدمت کر رہی ہے، مجھے خوشی ہے کہ منہاج القرآن کبھی فرقہ واریت کی لہر کا حصہ نہیں بنی۔

سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار محمد عتیق نے اپنے پیغام میں 40 ویں یوم تاسیس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی شخصیت میں اللہ تعالیٰ نے ایک ہمہ گیر شخصیت مہیا کی ہے۔ میں 40 ویں یوم تاسیس پر مبارکباد دیتا ہوں۔

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں منظور احمد وٹو نے اپنے پیغام میں 40 ویں یوم تاسیس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی دین اسلام، امن، محبت، بین المسالک رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے خدمات قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے سینکڑوں تعلیمی ادارے قائم کر کے ملک و قوم کی خدمت کی ہے۔ تحریک منہاج القرآن جیسا ڈسپلن میں نے کسی ادارے میں نہیں دیکھا۔

سابق گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے نوجوانوں کو ہمیشہ علم اور امن کا سبق پڑھایا ہے۔ تحریک منہاج القرآن ایک مذہبی اور اصلاحی تحریک ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے فرقہ واریت اور انتہا پسندی سے بالاتر ہو کر دین اسلام کی خدمت کی ہے۔ منہاج القرآن کا 40 سالہ سفر علم، تحقیق، اصلاح اور قرآن و سنت کے علوم کے فروغ کے اعتبار سے قابل تعریف ہے۔

معروف مذہبی سکالر علامہ محمد امین شہیدی نے کہا ہے کہ تحریک منہاج القرآن کے 40 سال مکمل ہونے پر میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو مبارکباد دیتا ہوں۔ تحریک منہاج القرآن نے تعصبات سے بالاتر ہو کر اسلام کی آفاقی تعلیمات کے فروغ کیلئے مسلمہ امہ کو جمع کر کے علمی، فکری حوالے سے قابل تقلید کام کئے ہیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ جس کام کا بیڑا شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اٹھایا انہوں نے اسے احسن طریقے سے اس مقام تک پہنچایا بھی ہے۔

جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ راغب نعیمی نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن اندرون و بیرون ملک دین اسلام کے احیاء و فروغ کیلئے نہایت عمدگی سے کام کر رہی ہے، تحریک منہاج القرآن کی کامیابیوں کا کریڈیٹ اسکے بانی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو جاتا ہے۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی شبانہ روز محنت نے تحریک منہاج القرآن کو باقی تمام تحریکوں سے ممتاز کر دیا ہے۔

معروف قانون دان ایس ایم ظفر نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری بے شمار خوبیوں کے مالک ہیں، خوبصورت تحریر لکھتے ہیں۔

صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن یاسر ہمایوں سرفراز نے کہا کہ میں ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور انکے رفقاء کار کو 40 ویں یوم تاسیس کی مبارکباد دیتا ہوں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کی جدوجہد اسلام اور پاکستان کیلئے ہے، نوجوانوں کو دین کی طرف راغب کرنے کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری کی شخصیت اور تعلیمات کی میں قدر کرتا ہوں۔

صوبائی وزیر سید صمصام علی بخاری، سابق وفاقی وزیر بیگم عابدہ حسین، سیکرٹری جنرل پی ایس پی حسان صابر، معروف اداکار عثمان پیر زادہ، افضل ریمبو، سابق گورنر میاں محمد اظہر، سابق کپتان قومی ہاکی ٹیم شہباز سینئر، سابق چیف سلیکٹر قومی کرکٹ ٹیم صلاح الدین صلو و دیگر اہم شخصیات نے بھی تحریک منہاج القرآن کے 40 ویں یوم تاسیس پر مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغامات دیئے ہیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top