معصوم بچی کی عصمت دری کر نے والے درندے کسی بھی نرمی کے مستحق نہیں: فرح ناز

بہاولپور میں معصوم بچی سے زیادتی کرنے والے ملزموں کو فوری گرفتار کر کے سر عام پھانسی دی جائے
شرمناک فعل کرنے والے درندوں کی عدم گرفتاری قانون نافذ کرنے والے اداروں پر سوالیہ نشان ہے۔
زیادتی کے بڑھتے واقعات المیہ ہیں حکومت لاء اینڈ آرڈر کو بہتر بنانے پر توجہ دے: صدر منہاج ویمن لیگ

لاہور (4 جنوری 2020) منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے بہاولپور کے نواحی علاقے حاصل پور میں 6 درندہ صفت افراد کی پورے خاندان کے سامنے حوا کی بیٹی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے اور مزاحمت کرنے والے اس کے بھائی کے عضو کاٹنے کے شرمناک واقعہ پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم بچی کی عصمت دری کر نے والے درندے کسی بھی نرمی کے مستحق نہیں۔ فرح ناز نے خاندان کے سامنے بچی سے زیادتی کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ملک کو ریاست مدینہ بنانے کا دعویٰ کرنے والے لاء اینڈ آرڈر کو بہتر بنانے پر توجہ دیں۔ منہاج القرآن ویمن لیگ اور پوری قوم متاثرہ بچی کے والدین کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اور انصاف کے حصول تک متاثرہ خاندان کے ساتھ ہے۔ فرح ناز نے کہا کہ معصوم بچی سے زیادتی کرنے والے ملزموں کو فوری گرفتار کر کے سر عام پھانسی دی جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن ویمن لیگ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سدرہ کرامت، انیلہ الیاس، عائشہ مبشر، کلثوم طفیل، نورین علوی و دیگر خواتین رہنما بھی موجود تھیں۔

فرح ناز نے کہا کہ اس طرح کے دل سوز واقعات کے حوالے سے قوانین تو موجود ہیں لیکن ان قوانین پر عملدآمد نہ ہونا افسوسناک ہے۔ ایسا ظلم کرنے والوں کو عبرت کا نشان بنا دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پولیس کا کردار مثبت اور صحیح ہو تو اس طرح کے افسوسناک واقعات کبھی نہ ہوں۔ پولیس کے رویے نے لوگوں کو عدم تحفظ اور داخلی دہشتگردی کے منہ میں دھکیل دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک پولیس سٹیٹ بن چکا ہے۔ ملک خداداد میں پولیس کا کردار ہمیشہ سے افسوسناک رہا ہے، سانحہ ماڈل ٹاءون، سانحہ ساہیوال، سانحہ اسلام آباد اسکی زندہ مثالیں ہیں۔ دن دیہاڑے گھر میں گھس کر پورے خاندان کے سامنے شرمناک فعل کرنے والے درندوں کی عدم گرفتاری حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر سوالیہ نشان ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top