لودھراں: تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام قائد ڈے تقریب

تحریک منہاج القرآن لودھراں کے زیر اہتمام شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 70ویں سالگرہ کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تحریک منہاج القرآن کے مرکزی ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اپنی علمی و تحقیقی اور تبلیغی و عملی کاوشوں کے ذریعے اسلام کا پرامن چہرہ دنیا کے سامنے لا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام کی آواز احترامِ انسانیت، اتحادِ امت اور امن عالم کا استعارہ بن گئی ہے۔

منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی صدر علامہ حاجی امداد اللہ خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری کا پورا گھرانہ دین کی سربلندی کے لئے جدید دور کے تقاضوں کے مطابق کوشاں ہے۔ انہوں شیخ الاسلام کی 70ویں سالگرہ پر آپ کے خانوادے کو تحریک منہاج القرآن کے کارکنان کو مبارکباد پیش کی۔

تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظم اعلیٰ سردار شاکر خان مزاری نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری پاکستان کی حقیقی آواز ہیں، غریب کی آس اور نوجوان نسل کی آخری امید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب برپا کرنے کے لیے نوجوان نسل کو ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

منہاج یوتھ لیگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی نے کہا کہ پاکستان سمیت پوری دنیا کے نوجوانوں کی اخلاقی روحانی علمی تربیت کے لیے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خدمات کو امت مسلمہ قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ کے حضور شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا زمانہ ملنا کسی نعمت سے کم نہیں۔ تحریک منہاج القرآن لودھراں کے صدر چودھری عبدالغفار سنبل نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اللہ کی خاص عنایت ہیں، انہوں نے ہمیں زندگی گزارنے کا حقیقی اسلامی شعور دیا ہے وہ امت مسلمہ کو فرقہ پرستی سے پاک رکھنے کی عظیم انقلابی جدو جہد کررہے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے صدر نور محمد سہو اور مرکزی میڈیا کوآرڈینیٹر راؤ محمد عارف رضوی نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 70ویں سالگرہ کی تقریب منہاج القرآن اسلامک سنٹر لودھراں میں منعقد ہوئی، تقریب میں منہاج القرآن علماء کونسل جنوبی پنجاب کے عہدیداران علامہ نصیر بابر، مفتی مطلوب احمد سعیدی، رانا محمد اشرف علی خاں سمیت تحریک منہاج القرآن کے کارکنان و عہدیداران اور مرکزی قائدین شریک تھے۔ مشہور زمانہ قوال قاری اللہ دتہ مہروی اور ان کے ہمنواؤں نے ڈاکٹر طاہرالقادری کی سالگرہ کی مناسبت سے قوالیاں پیش کیں۔ ڈاکٹر انور ملک اور پروفیسر نعمان محمود نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض سرانجام دیئے۔ تقریب میں شیخ الاسلام کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اورشرکاء کو پرتکلف عشائیہ پیش کیا گیا۔ تقریب کے اختتام پر شیخ الاسلام کی درازی عمر اور ملکی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ 

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top