نظام المدارس پاکستان کا نیا نصاب تیار کر لیا گیا: علامہ مفتی میر آصف اکبر

مورخہ: 04 مارچ 2021ء

10 مارچ کو نصاب آن لائن کر دیا جائے گا، علماء کی تجاویز آنے کے بعد حتمی اعلان 17 مارچ کو ہو گا
نئے نصاب کا اعلان شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ایک بڑی تقریب میں کریں گے
نئے نصاب سے طلباء کو علوم القرآن، حدیث، فقہ،ادب اور عقائد سے رغبت اور علمی پختگی حاصل ہو گی

Nizam ul Madaris

لاہور (4 مارچ 2021ء) نظام المدارس پاکستان کا نیا نصاب تیار کر لیا گیا ہے۔ نظام المدارس پاکستان کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹر مفتی میر آصف اکبر قادری نے نظام المدارس کے اہم اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نئے نصاب کے حوالے سے ملک بھر کے علمائے کرام سے تجاویز لینے کے لئے نصاب 10 مارچ 2021ء کو آن لائن کر دیا جائے گا۔ تجاویز لینے کے بعد 17 مارچ 2021ء کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ایک بڑی تقریب میں اس کا اعلان کریں گے۔ نیا نصاب جدید خطوط پر تیار کیا گیا ہے جو علمائے کرام، مہتممین، ناظمین جو نظام المدارس پاکستان کو جوائن کرنا چاہتے ہیں اور نصاب کے متعلق تجاویز دینا چاہتے ہیں ہم ان کی تجاویز کو خوش آمدید کہیں گے۔

انہوں نے نظام المدارس پاکستان کے نئے نصاب کی خصوصیات، تفردات اور امتیازات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس نصاب سے طلبہ کو علوم القرآن، علوم الحدیث، علوم الفقہ، ادب اور عقائد سے رغبت اور علمی پختگی حاصل ہو گی، قدیم و جدید تقاضوں سے ہم آہنگ یہ نصاب ہر نوع کے علمی ابہام و تشکیک کو دور کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ نصاب اس انداز سے تشکیل دیا گیا ہے کہ طلباء کو عربی بول چال اور تحریر و تقریر میں مہارت حاصل ہو گی۔ انہوں نے نصاب کی خصوصیات کے متعلق مزید کہا کہ اس نصاب کے ذریعے طلباء میں تقویٰ و طہارت، آدابِ حسنہ کی صفات اجاگر کی جائیں گی۔ نصاب میں دور جدید کے فہم اور ضرورت کے مطابق طلباء کی تعلیم و تربیت کا اہتمام کیا گیا ہے۔

ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹر مفتی میر آصف اکبر قادری نے بتایا کہ صوفیائے کرام کی تعلیمات کو شاملِ نصاب کیا گیا ہے، اس سے طلباء کا اخلاق سنورے گا۔ انہوں نے کہا کہ نئے نصاب کی تشکیل کا مقصد عالی اخلاق کے حامل علماء تیار کرنا ہے تاکہ سوسائٹی علم و امن اور اتحاد و یکجہتی کا گہوارہ بنے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top