آئرلینڈ: منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام ماہانہ محفلِ درود و سلام کا انعقاد

مورخہ: 19 مارچ 2021ء

تحریک منہاج القرآن آئرلینڈ کے زیراہتمام 14 مارچ 2021ء کو بارگاہِ رسالتمآب ﷺ میں درود و سلام کی ماہانہ محفل کا انعقاد کیا گیا۔ کورونا وائرس کے سبب ہونے والے لاک ڈاؤن کی وجہ سے محفل کے شرکاء آن لائن شریک تھے۔ محفل میں علامہ محمد عدیل، ڈاکٹر گلزار احمد، رضوان احمد طور، فیاض احمد، ملک پرویز، مدثر بھٹی، ارسلان خان، جنید خالد، ناصر چشتی اور وسیم بٹ شریک تھے۔ محفل کا آغاز تلاوتِ کلامِ مجید سے ہوا جس کی سعادت ڈاکٹر گلزار احمد نے حاصل کی، جبکہ جنید خالد نے بارگاہِ رسالتمآب ﷺ میں گلہائے عقیدت پیش کئے اور منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے صدر وسیم بٹ نے شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن دیارِ غیر میں بسنے والے مسلمانوں کو علم دین کی آگاہی اللہ اور اس کے رسولؐ کے ساتھ ٹوٹے ہوئے تعلق کو پھر سے بحال کرنے کے لیے مختلف قسم کے پروگرامز، کانفرنسز اور سمینار کا انعقاد کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی یہ محفل حلقات درود کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

علامہ محمد عدیل اور ڈاکٹر گلزار شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فرض عبادات کے بعد بہترین وظیفہ درود و سلام ہے اور اس طرح کی محافل مقبول بارگاہ الہی ہیں اور اللہ اور اس کے حبیب ﷺ کے قرب و رضا کے حصول کا بہترین ذریعہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایمان اس وقت تک مکمل نہیں ہو سکتا اور انسان اس وقت تک مومن ہی نہیں ہو سکتا جب تک کہ اس کی محبت نبی اکرم ﷺ کی ذات اقدس کے ساتھ تمام محبتوں پر غالب نہ آ جائے۔ ہمارے ایمان کا مرکز و محور نبی اکرم ﷺ کی ذات مقدسہ ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ عبدالقادر جیلانی رضی اللہ تعالی عنہ ارشاد فرماتے ہیں کہ ایک مسلمان کی زندگی کا مقصد اللہ کی پہچان کرنا ہے، اللہ کی معرفت حاصل کرنا ہے، اس کی رضا اور معرفت کے لئے تربیت کی ضرورت ہوتی ہے اور منہاج القرآن بنیادی طور پر ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو اس مقصد حیات کے حصول کے لئے ہماری رہنمائی کر رہا ہے۔ محفل کے اختتام پر تمام عالم اسلام اور پاکستان کی سلامتی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحت و تندرستی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

رپورٹ: وسیم بٹ

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top