منہاج القرآن ویمن لیگ 3 سو مقامات پر دروس قرآن کا انعقاد کرے گی

دورۂ قرآن میں ترجمہ عرفان القرآن، تفسیرکے موضوعات پر لیکچرز دیئے جائیں گے
قرآن حکیم زندگی کے تمام پہلوؤں کو زیر بحث لاتا ہے: سدرہ کرامت
اللہ تعالیٰ نے اپنے خاص کرم سے قرآن پاک کا وارث امت محمدی کو بنایا: مقررین کا خطاب
منہاج القرآن ویمن لیگ د دروس قرآن کے ذریعے رجوع الی القرآن کی مہم جاری رکھے ہوئے ہے۔
استقبال رمضان کانفرنس سے عائشہ مبشر، انیلہ الیاس ڈوگر، اُم حبیبہ اسماعیل، رافعہ عروج، حافظہ سحر عنبرین و دیگر کا خطاب

لاہور (14 اپریل 2021) رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام ملک بھر میں 3 سو سے زائد مقامات پر دروس قرآن منعقد کئے جا رہے ہیں۔ خواتین سکالرز دروس قرآن میں ترجمہ عرفان القرآن و تفسیر کے ساتھ پڑھائیں گی۔ کوڈ 19 وباء کی وجہ سے بہت سے شہروں میں آن لائن دوروس قرآن ہو رہے ہیں جبکہ سینکڑوں مقامات پر مکمل حفاظتی تدابیر اور ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے دوروس قرآن کی محافل کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ رمضان المبارک محبت، ہمدردی اور ایثار کا مہینہ ہے یہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ سے محبت کا مہینہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی ناظمہ سدرہ کرامت نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقدہ استقبال رمضان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قرآن حکیم انسانیت کیلئے کتاب ہدایت ہے۔ قرآن کریم کا یہ اعجاز ہے کہ اس کی کسی ایک آیت کی تفصیل میں جائیں تو اس میں پوری زندگی کا خاکہ نظر آتا ہے۔ قرآن حکیم زندگی کے تمام پہلوؤں کو زیر بحث لاتا ہے لیکن شرط یہ ہے کہ آدمی اس پر غور و فکر کرے اور قرآن پاک کو سمجھ کر پڑھنے کی کوشش کرے۔ قرآن حکیم کو جب بھی پڑھیں تو اس نظر سے پڑھیں کہ اللہ کریم کا یہ حکم میرے لئے ہے۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کے تحت پورے ملک میں منعقد ہونیوالے دورہ قرآن میں ترجمہ عرفان القرآن، تفسیر پڑھائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک معافی اور بخشش کا مہینہ ہے۔ یہ مہینہ عبادات اور اتحاد امت کا درس دیتا ہے۔ رمضان المبارک نزول قرآن کا مہینہ بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مہینے میں زیادہ سے زیادہ قرآن پاک کی تلاوت کی جائے اور قرآن حکیم سے رہنمائی حاصل کی جائے۔

عائشہ مبشر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید کی تلاوت کرنا باعث برکت اور ثواب ہے اس عمل سے ایمان بڑھتا ہے اور دلوں کے زنگ اترتے ہیں۔ قرآن مجید کو ترجمے کے ساتھ پڑھیں۔ روئے زمین کے تمام انسان قرآن کریم کا مخاطب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہر خشک و تر کا علم قرآن مجید میں رکھا اور اسے ہر قسم کی کمی بیشی سے پاک رکھتے ہوئے اس کی حفاظت کا ذمہ بھی خود لیا ہے۔

انیلہ الیاس ڈوگر نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے خاص کرم سے اس لاریب اوربے مثل کتاب کا وارث امت محمدی کو بنایا ہے۔ امت محمدی کو یہ شرف تاجدار کائنات ﷺ سے نسبت غلامی کی وجہ سے حاصل ہوا۔ مگر آج ہم نے قرآنی تعلیمات سے منہ موڑ لیا جس کا نتیجہ ہے کہ امت مسلمہ زوال پذیر ہے۔ امت مسلمہ کے زوال کا سب سے بڑا سبب قرآنی تعلیمات سے دوری ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید کے مسلمانوں پر پانچ حقوق ہیں جن میں قرآن مجید کو پڑھنا، سمجھنا، تدبر و تفکر کرنا اور اس کی تعلیمات کو دوسرے لوگوں تک پہنچانا ہے۔

اُم حبیبہ اسماعیل نے کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ دنیا بھر میں دروس قرآن کے ذریعے رجوع الی القرآن کی مہم جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ امت مسلمہ کا قرآن مجید سے ٹوٹا ہوا تعلق پھر سے بحال ہوسکے۔ کانفرنس سے رافعہ عروج، حافظہ سحر امبرین، کلثوم قمر، کلثوم طفیل و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top